اسلام آباد(خصوصی نیوز رپورٹر)اسلام آباد چیمبر کے سابق صدر شاہد رشید بٹ نے کہا ہے کہ وزیر اعظم کا ریلیف پیکج خوش آئند ہے جس میں بہتری کی گنجائش موجودہے جس سے عوام کی پریشانی کم ہو جائے گی۔ مزدوروں کو تین ہزار روپے ماہانہ ادائیگی کا فیصلہ درست ہے مگر ملک میں ایسا کرنے کے لئے کوئی موثرمکینزم موجود نہیں ہے ۔پیکج پر عمل درامد میں شفافیت کا مسئلہ پیدا ہو گاجبکہ بیوروکریسی کی سست روی بھی اس میں رکاوٹ بن سکتی ہے اس لئے غریب عوام کے لئے سبسڈی کا کچھ حصہ بجلی اور گیس کے بلوں کی معافی کی صورت میں دیا جائے جسکا نظام ملک میں موجود ہے ۔شاہد رشید بٹ نے یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا کہ تیل کی قیمتوں اور شرح سود میں کمی ناکافی ہے جس میں مزیدکمی کی جائے ، بجلی اور گیس کی قیمت کم کرنے میں تاخیر نہ کی جائے ،شرح سود کو چار فیصد اورجنرل سیلز ٹیکس کو سنگل ڈیجیٹ پر لایا جائے جبکہ اشیائے خورد و نوش اور ادویات پر سیلز ٹیکس ختم کیا جائے تاکہ عوام کو ریلیف مل سکے ۔