اسلام آباد(خبرنگار خصوصی؍ 92نیوزرپورٹ) وزیراعظم شہباز شریف نے چینی کی قیمت کم رکھنے کے لئے اس کی برآمد پر پابندی عائد کردی۔ وزیراعظم شہباز شریف کے زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں بڑے فیصلے کئے گئے ۔ وزیراعظم نے چینی کی برآمد پر پابندی عائد کردی جو کہ پورا سال نافذ رہے گی۔ذرائع کے مطابق ملک میں ضرورت کے مطابق چینی کی وافر مقدار کے ساتھ اضافی ذخیرہ بھی موجود ہے ۔ وزیراعظم کی جانب سے کئے گئے فیصلے کا مقصد ملک میں چینی کی قیمتوں کو کم کرنا اور عوام کو ریلیف دینا ہے ۔ذرائع کے مطابق مہنگائی کے معاملے پر شہباز شریف معاشی ٹیم پربرس پڑے ۔وزیراعظم نے معاشی ٹیم کوہدایت کی باتیں نہ کریں،15دن میں نتائج دیں،15دن میں مہنگائی ہرصورت ختم ہونی چاہئے ۔وزیر اعظم نے پی ڈی ایم کے اعزاز میں افطار ڈنر سے خطاب کرتے ہوئے کہا حکومت عوام کی فلاح و بہبود اور خوشحالی کے لئے کام کرتی رہے گی اور ان کے مسائل حل کرے گی، سابق حکومت نے اچانک پٹرولیم مصنوعات پر سبسڈی تو دی لیکن ریلیف کے لئے خاطر خواہ مالی وسائل مختص نہیں کئے ، پہلا ماہ رمضان آیا ہے جس میں آٹے پر کوئی سبسڈی نہیں دی گئی ، ہم لوگوں پر مزید بوجھ نہیں ڈال سکتے ، اسلئے اوگرا کی پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی سمری کو مسترد کر دیا۔شہباز شریف نے کہا اپوزیشن اتحاد نے اپنی دن رات کی جدوجہد سے عمران نیازی کو شکست دی، حکومت میں شامل جماعتوں کا اتحاد مشاورت سے آگے بڑھے گا۔ انہوں نے کہا پچھلی حکومت کا بنایا ہوا ڈھانچہ ریت کی دیوار کی طرح گر رہا ہے ۔ وزیر اعظم منتخب کرنے پر اتحادی جماعتوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ اتحادی جماعتوں کے ارکان پارلیمنٹ سے رابطے میں رہیں گے اور ان کے حلقوں کے مسائل حل کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ کابینہ کے ارکان کے ناموں کا اعلان دو مرحلوں میں کیا جائے گا، کابینہ کے ابتدائی ناموں کا اعلان جلد کر دیا جائے گا جب کہ دوسرے مرحلے میں آئندہ چند روز میں کابینہ کے مزید وزرا کے ناموں کا اعلان کیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ سپیکر قومی اسمبلی اور وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر کے استعفوں کی سمری صدر مملکت کو بھجوا دی ۔علاوہ ازیں شہباز شریف سے چیئرمین ایف بی آر ڈاکٹر محمد اشفاق نے ملاقات کی ۔ وزیراعظم نے محصولات کے بارے میں مکمل رپورٹ طلب کرلی۔شہباز شریف نے آئی ایم ایف پروگرام آن ٹریک رکھنے کی ہدایت کی۔شہبازشریف سے بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ سردار اختر مینگل نے بھی وفد کے ہمراہ ملاقات کی۔وزیراعظم نے اپنے ایک بیان میں سعودی عرب کے فرماں روا اورخادم الحرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اورولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی جانب سے مبارکباد کے پیغامات پردونوں کا شکریہ اداکیا ہے اور کہا ہے کہ پاکستان اورسعودی عرب کے خصوصی تعلقات ہیں جو غیرمعمولی اعتمادپرمبنی ہیں ۔ وزیراعظم نے کہا سٹریٹجک شراکت داری کے مشترکہ وژن کے حصول کیلئے سعودی عرب کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لئے پرعزم ہیں۔جرمن چانسلرنے شہبازشریف کو پاکستان کانیا وزیراعظم منتخب ہونے پر مبارکباددی ہے ۔مقبوضہ کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنما بشیر احمد بٹ نے بھی شہباز شریف کو وزیر اعظم کا عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی ہے ۔امیرقطراور وزیراعظم نے بھی وزیراعظم کاعہدہ سنبھالنے پرشہبازشریف کومبارکبا پیش کی ہے ۔