اسلام آباد(سہیل اقبال بھٹی) سابق ایم ڈی پی آئی اے مشرف رسول کی برطرفی کے بعد چیف ہیومن ریسورس آفیسر اسما باجوہ کی تقرری بھی لاہو رہائیکورٹ میں چیلنج کردی گئی ۔ خلاف قانون تقررثابت ہونے پر برطرف ہونیوالے مشرف رسول نے برطانوی شہری اسما باجوہ کو خلاف قانون چیف ہیومن ریسورس آفیسر تعینات کیاتھا ۔ اسماباجوہ کو مطلوبہ تعلیم اور تجربہ نہ ہونے کے باوجود تعینات کیا گیا۔ اسما باجوہ کیساتھ پی آئی اے کے کنٹریکٹ پر27دسمبر 2017کو دستخط کئے گئے جبکہ اسماباجوہ کو قومی شناختی کارڈ 30دسمبر 2017کو جاری ہوا۔ انہیں13 لاکھ روپے ماہانہ تنخواہ کے ساتھ 2 سال کیلئے چیف آفیسر ایچ آر کی پوسٹ کیلئے تعینات کیا گیا۔اسماکو پی آئی اے کے ذریعے سفر پر مفت ٹکٹس کی سہولت بھی دی گئی۔ اسماباجوہ نے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی منظوری کے بغیر چیف آپریٹنگ آفیسر ضیا قریشی کے برطرفی کے احکامات جاری کئے ۔ درخواست گزار نے اسماباجوہ کی تعیناتی کالعدم قرار دیتے ہوئے برطرف ملازمین کو بحال کرنے کی استدعا کی۔