اسلام آباد (خبر نگار خصوصی، 92 نیوزرپورٹ) وزیراعظم عمران خان نے کسانوں کے لئے جلد خصوصی پیکیج جاری کرنے کی خوشخبری سنا دی۔ تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم سے جنوبی پنجاب سے تعلق رکھنے والے ارکان قومی اسمبلی نے ملاقات کی۔ اورنگزیب کھچی نے وزیر اعظم کو وہاڑی میں کیڈٹ کالج کے قیام کی تجویز پیش کی۔ وزیراعظم نے کہا کہ جنوبی پنجاب کو نظر انداز کرکے لوگوں کو تعلیم، صحت اور روزگار کے مساوی مواقع نہیں دیئے گئے ، جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے قیام کا مقصد ان اضلاع پر توجہ مرکوز کرکے ان کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنا ہے ، کابینہ کی ذیلی کمیٹی کسانوں کیلئے خصوصی پیکیج کی تجاویز تیار کر رہی ہے ، پیکج کا اعلان بہت جلد کیا جائے گا۔علاوہ ازیں وزیراعظم سے دیر اور سوات سے تعلق رکھنے والے ارکان قومی اسمبلی نے ملاقات کی۔مزیدبرآں وزیر اعظم نے انسٹاگرام پر سوات کی خوبصورت وادی کالام کی تصویر شیئر کیں۔وزیراعظم نے اپنی پوسٹ کے کیپشن میں اس شاندار تصویر کے فوٹوگرافر خواجہ سعید کو بھی ٹیگ کیا۔