اسلام آباد؍ کراچی(سپیشل رپورٹر؍ این این آئی) عالمی بینک کی کاروبار میں آسانیوں سے متعلق رپورٹ میں پاکستان کی رینکنگ میں 28 درجے بہتری آگئی اور رپورٹ میں درجہ 108ہوگیا ، گزشتہ سال پاکستان کانمبر136 تھا۔پاکستان ٹاپ ٹین اصلاحات کرنے والے ممالک میں شامل ہے ۔رپورٹ کے مطابق عالمی درجہ بندی میں نیوزی لینڈ پہلے ، سنگاپور دوسرے اور ہانگ کانگ تیسرے نمبر پر ہیں جبکہ ڈنمارک،کوریا،امریکہ، جارجیا،برطانیہ،ناروے اور سوئیڈن بھی پہلے 10ممالک میں شامل ہیں۔عالمی درجہ بندی میں بھارت 63،بھوٹان 89،نیپال 94،سری لنکا 99اور بنگلہ دیش کا درجہ 168 رہا۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ دنیا کی 109 حکومتوں کی 294 اصلاحات کا جائزہ لیا گیا، پاکستان،سعودی عرب،اردن اور بھارت گزشتہ سال سب سے زیادہ اصلاحات کرنیوالے ممالک کی فہرست میں شامل ہیں۔درجے میں بہتری کی وجہ وفاق اور صوبوں کی جامع اصلاحات ہیں، وفاق، سندھ اور پنجاب نے نمایاں اصلاحات کی ہیں۔انڈیکس میں پاکستان کو مجموعی طور پر 61 نمبر حاصل ہوئے ہیں۔ گزشتہ سال پاکستان کا سکور 55.5 تھا۔وزیر اعظم عمران خان نے ٹوئٹر پر اپنے پیغامات میں کہا ہے کہ ہمارے منشور کا ایک اور وعدہ ایفا ہوگیا، پاکستان نے عالمی بینک کی ای اوڈی بی رینکنگ میں اپنی تاریخ کی سب سے بڑی اوراچھی بہتری حاصل کی ،گزشتہ ایک دہائی کے دوران پاکستان کی درجہ بندی میں 50 نمبروں کی کمی ہوئی لیکن اب 28 درجے بہتری واقع ہوئی ہے اورہم 136 سے 108 پر پہنچ گئے ہیں۔وزیراعظم نے کہا میں اپنی حکومت کے ان تمام لوگوں کومبارکباد دینا چاہتا ہوں جنہوں نے یہ کام کرنے کے لئے سخت محنت کی لیکن ہمیں ابھی بہت طویل سفرطے کرنا ہے ، 2020 کے اختتام سے قبل پاکستان سرمایہ کاری کے لئے بہترین ملک بن جائے گا۔وزیراعظم نے حکومتی ترجمانوں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا بھارت عالمی بینک کی رینکنگ میں 14پوائنٹ اوپرگیا،پورا بھارت خوشی منارہاہے ،پاکستان کی پوزیشن میں 28 پوائنٹ بہتری آ ئی اور یہاں دھرنوں پر گفتگو ہو رہی ہے ۔علاوہ ازیں وزیراعظم سے جید مشائخ عظام نے ملاقات کی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا پاکستان کو ریاست مدینہ کی طرز پر ڈھالنے کا خواب دیرینہ مشن ہے ، نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی حیات مبارکہ تمام انسانوں کے لئے مشعل راہ ہے جس کی پیروی کرکے ہم صحیح معنوں میں مکمل مسلمان اور کامیابیوں کی منازل طے کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا جامعات میں سیرت چیئرزکے قیام کا مقصد یہ ہے کہ آنحضور ﷺ کی حیاتِ مبارکہ اور اسلام کے بارے میں جامع تحقیق کی جائے ۔ وزیرِ اعظم نے کہا اگر ہم نے اقوام عالم میں اپنا مقام حاصل کرنا ہے اور عظیم قوم بنناہے تو ہمیں ریاست مدینہ کے اصولوں پر عمل پیرا ہونا ہوگا۔وزیرِ اعظم نے کہا جدید ٹیکنالوجی کے دور میں نوجوان نسل کو بیرونی ثقافتی یلغار سے محفوظ رکھنے ، اسلام کے تشخص اور اپنی روایات اورتہذیب و تمدن سے روشناس کرانے کے لئے ضروری ہے کہ قومی تشخص اور خصوصاً صوفیائے کرام کی تعلیمات کو اجاگر کیا جائے ۔وفد میں شامل مختلف علمائے کرام اور مشائخ نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے وزیرِ اعظم کی اقوام متحدہ میں تقریر پرخراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا وزیرِ اعظم نے اپنی تقریر میں نہ صرف پاکستانی عوام بلکہ پوری امت کی ترجمانی کی۔انہوں نے کہا مختلف سلسلوں سے تعلق رکھنے والے مشائخ اور انکے لاکھوں پیروکار وزیرِ اعظم کے وژن کو عملی جامہ پہنانے کیلئے ان کے ساتھ ہیں۔ وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے بھی وزیراعظم سے ملاقات کی۔ مزیدبرآں وزیراعظم کو پرویز خٹک نے ٹیلی فون کیا اور اپوزیشن کیساتھ رابطوں سے آگاہ کیا۔