اسلام آباد ( نیٹ نیوز)رواں مالی سال کے دوران ملک میں کاروں کی پیداور میں گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ کے مقابلے میں معمولی کمی ریکارڈ کی گئی ہے ۔ آل پاکستان آٹوموٹومینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے اعدادوشمار کے مطابق جولائی سے لیکر اپریل 2019 ء تک ملک میں 1 لاکھ84 ہزار530 کاروں کی پیداوار ریکارڈ کی گئی جو گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ کے مقابلے میں 0.48 فیصد کم ہے ۔گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ میں ملک میں 1 لاکھ 85 ہزار392 یونٹ کاروں کی پیداوارریکارڈ کی گئی تھی۔اعدادوشمارکے مطابق جاری مالی سال میں ملک 1 لاکھ77 ہزار435 یونٹ کاروں کی فروخت ریکارڈ کی گئی جو گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ کے مقابلے میں کم ہے ۔ گزشتہ مالی سال کے ابتدائی 10 ماہ میں ملک میں ایک لاکھ 82 ہزار 911 یونٹ کاروں کی فروخت ریکارڈ کی گئی تھی۔اعدادوشمارکے مطابق اپریل 2019 ء میں ملک 14 ہزار419 یونٹ کاروں کی پیداواراور17076 یونٹ کی فروخت ریکارڈ کی گئی ۔ اپریل 2018 ء میں ملک میں 19 ہزار226 یونٹ کاروں کی پیداوار اور21 ہزار590 یونٹ کی فروخت ریکارڈ کی گئی تھی۔