اسلام آباد (این این آئی)کانگو میں اقوام متحدہ کے امن مشن کے دوران پاک فوج کے ہیلی کاپٹر کو حادثے پر ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے واقعہ کی اصل وجہ کا ابھی تک پتہ نہیں چل سکا ہے ۔ ترجمان دفتر خارجہ نے کہا واقعہ کے متاثرین کے ساتھ اپنی گہری اور دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہیں۔وزارت خارجہ اور نیویارک میں پاکستان کا مستقل مشن میتوں کی جلد از جلد وطن واپسی اور حادثے کی تفصیلات کے لیے اقوام متحدہ کے حکام سے مسلسل رابطے میں ہے ۔ پاکستان کو چھ دہائیوں پر محیط اقوام متحدہ کے امن مشن میں اپنی دیرینہ اور مسلسل شراکت پر فخر ہے ۔ 1960 کے بعد سے ہمارے 200,000 سے زیادہ فوجیوں نے دنیا کے تقریباً تمام براعظموں میں اقوام متحدہ کے 46 مشنز میں بہادری کے ساتھ خدمات انجام دیں۔ترجمان عاصم افتخار نے کہا ایک سو ستاون بہادر پاکستانی اہلکار اقوام متحدہ کے مشن کے تحت قیام امن کیلئے خدمات کی فراہمی کے دوران اپنی جانو ں کی قربانی دے چکے ہیں۔صدر مملکت عارف علوی اور چیئرمین سینٹ صادق سنجرانی نے ہیلی کاپٹر حادثے پر اظہار افسوس ، گہرے رنج و غم کا اظہار کیااورشہید ہونے والوں کیلئے بلندی درجات کی دعا کی۔ وزیر اعلی گلگت بلتستان خالد خورشید نے کہا عالمی امن کے لئے پاک افواج کی عظیم قربانیوں و خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے کہاپاکستان دنیا میں سب سے زیادہ تعداد میں امن کارروائیوں کے لئے دستے فراہم کرتا ہے ، قوم اپنے شہداء کو سلام پیش کرتی ہے ۔نائب صدر پیپلز پارٹی سینیٹر شیری رحمان نے بھی کانگو حادثے پر افسوس کا اظہار کیا ۔