اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی، 92نیوزرپورٹ، نیوزایجنسیاں )پاکستان نے کرتار پور آنے والے سکھ یاتریوں کیلئے خصوصی مراعات کا اعلان کیا ہے ۔ ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر فیصل نے ہفتہ وار بریفنگ میں کہا کہ بابا گرونانک کے 550ویں جنم دن کے موقع پر پاکستان نے خصوصی طور پر کرتارپور آنے والے یاتریوں کیلئے پیکج تشکیل دیا ہے جس میں سکھ زائرین کیلئے پاسپورٹ کی شرط ختم کردی گئی ہے ۔ یاتریوں کیلئے ویزا، دس روز قبل فہرستوں کے تبادلے جبکہ 9 اور 12 نومبر کیلئے 20 ڈالر فیس کی شرط بھی ختم کی گئی ہے ۔ بھارتی حکومت کو آگاہ کر دیا ہے ۔ بین الاقوامی برادری نے پاکستان کے ان خیر سگالی اقدامات کو سراہا ہے ۔ ڈاکٹر فیصل نے کہا کرتار پور میں بابا گرونانک کی زیارت کیلئے بھارت سے پاکستان آنے والے یاتری اسی روز واپس اپنے ملک چلے جائیں گے ۔ اس وقت یاتریوں کی متوقع تعداد 5 ہزار ہے ، امید ہے اس سے زیادہ تعداد میں زائرین آئیں گے ۔انہوں نے بتایا مختلف ممالک میں موجود پاکستانی سفارتخانوں نے بھی ہزاروں سکھوں کو گرونانک کے جنم دن کی تقریبات میں شرکت کیلئے ویزے جاری کیے ہیں یوں جاری کردہ ویزوں کی تعدد 10 ہزار ہوگئی ہے ۔پاکستان کرتار پور راہداری کے حوالے سے کسی قسم کی منفی سوچ کا سامنا کرنا نہیں چاہتا۔ انہوں نے کہا بھارتی افواج کی مقبوضہ کشمیر میں بربریت اور 98 روز سے کشمیر میں کرفیو اور مکمل لاک ڈاؤن جاری ہے ۔ امریکی سب کمیٹی برائے جنوبی ایشیاء کی مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق سے متعلق رپورٹ خوش آئند ہے ۔مقبوضہ کشمیر میں حالیہ بھارتی اقدامات اور نئے نقشے صرف اور صرف ڈیموگرافی تبدیل کرنے کی سازش ہے ۔ پاکستان ان سیاسی نقشوں کو مسترد کرتا ہے ۔ بھارت ہندوتوا نظریہ پر عمل پیرا ہے ۔ کشمیر کا مسئلہ کشمیریوں کی امنگوں کے مطابق حل ہونا چاہیے ۔ترجمان دفتر خارجہ نے کہا پاکستان ایف اے ٹی ایف ایکشن پلان پر عملدرآمد کیلئے مسلسل کوشش کر رہا ہے ۔ سعودی عرب اور ایران کے معاملات میں پائی جانے والی کشیدگی کے بارے میں ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا ایران کے معاملے میں مفاہمت کا عمل جاری ہے اور امید ظاہر کی کہ مثبت نتائج ملیں گے ۔ یمن میں جاری تنازع کے حل کیلئے سعودی عرب اور علیحدگی پسندوں کے ساتھ معاہدے کا خیر مقدم کرتے ہوئے انہوں نے کہا اس سے خطے میں موجود تناؤ اور کشیدگی میں کمی آئے گی۔ایک سوال پر انہوں نے کہا افغان حکومت سے سفارتی اہلکاروں کو ہراساں کر نے کے معاملہ پر کابل اور اسلام آباد میں احتجاج کیا ہے ۔افغان حکومت پاکستانی سفارتکاروں کی سیکیورٹی یقینی بنائے ۔ ترک صدر کے دورہ پاکستان کی تاریخوں کو حتمی شکل دینے کیلئے کام ہو رہا ہے ۔ترک صدر جلد پاکستان کے دورے پر آ رہے ہیں۔قبل ازیں ایک ٹویٹ میں ترجمان نے کہا تھا کہ باباگرونانک کے 550ویں جنم دن کے موقع پر پاکستان نے جذبۂ خیر سگالی کے طور پر یاتریوں کی سہولت کیلئے خصوصی مراعات کا اعلان کیا ہے جبکہ بھارت نے سکھوں کے جذبات کو نظرانداز کرتے ہوئے اسے مسترد کیا ہے ۔