اسلام آباد (خصوصی نیوز رپورٹر،صباح نیوز) وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ کرنٹ اکاؤنٹ خسارے میں 73%کمی یقیناً ایک بڑی کامیابی ہے ، برآمدات میں اضافہ اور درآمدات میں واضح کمی آئی، عوام کی خوشحالی اور قومی ترقی کیلئے حکومتی اقدامات کے ثمرات سامنے آنا شروع ہوگئے ہیں، وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں معاشی اصلاحات کے ایجنڈے پر کاربند اور اقتصادی صورتحال میں بہتری کی جانب گامزن ہیں،ٹیکس ریونیو بڑھانا اور مالیاتی خسارے کو کنٹرول رکھنا ہماری اولین ترجیح ہے ۔ پیر کو اپنے ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ حکومت نے رواں مالی سال کے پہلے دو ماہ میں گزشتہ سال کے 509 ارب کے مقابلے میں580 ارب روپے ٹیکس جمع کیا، ایف بی آر میں 6 لاکھ نئے ٹیکس دہندگان کا اضافہ ہوا۔ملک میں معاشی سرگرمیوں کے فروغ اور کاروباری طبقے کیلئے آسانیاں پیدا کرنے کیلئے کوشاں ہیں۔قبل ازیں نجی ٹی وی سے انٹرویو میں ڈاکٹر فردو س عاشق اعوان نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان مظلوم کشمیریوں کی آواز بن کر ان کا مئوقف دنیا بھر میں پہنچا رہے ہیں،معاشی محاذ پر دو طرفہ شراکت داری اور باہمی مفادات اہمیت رکھتے ہیں اور چونکہ دنیا کا بھارت کے ساتھ معاشی شراکت داری کا رشتہ ہے اس کو بھارت خطہ میں بھی اور باہر بھی غلط استعمال کر رہا ہے ۔ بھارت کی جانب سے طاقت کے غلط استعمال پر دنیاکا جو جارحانہ لائحہ عمل سامنے آنا چاہیے تھا اس حوالہ سے دنیا بھارت کو کوئی مضبوط پیغام نہیں دے سکی۔ 58ممالک کا اعلامیہ، اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا اجلاس اور او آئی سی کا مئوثر اعلامیہ یہ ساری بھارت کو دبائو میں لانے کی ہماری کاوشیں اور کوششیں رنگ لا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان اور پاکستان کے عوام چاہتے ہیں کہ بھارت کومجبور کیا جائے کہ وہ اپنے غیر قانونی ، غیر آئینی اور غیر انسانی اقدامات کو واپس لے ۔