کراچی( کامرس رپورٹر) آل پاکستان سٹیل ری رولنگ ملز ایسوسی ایشن کے چئیرمین کریم عزیز ملک نے کہا ہے کہ کرونا وائرس سٹیل انڈسٹری کو دیوالیہ کر رہا ہے ۔ لاکھوں افراد کو روزگار اور حکومت کوبجلی اور گیس کے بلوں اورمحاصل کی مد میں اربوں روپے ادا کرنے والے اس شعبہ کو بحال کرنے کے لئے بیل آوٹ پیکج دیا جائے ۔کریم عزیز ملک کو ایف پی سی سی آئی کے سابق نائب صدربھی ہیں نے یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے معاشی بحالی کے لئے پیکج کا اعلان خوش آئند ہے جس سے عوام اور کاروباری برادری کے مسائل میں کمی آئے گی۔ کرونا وائرس کی وجہ سے کاروباری سرگرمیوں میں کمی آئی ہے جس نے سٹیل انڈسٹری کو بحران میں مبتلا کر دیا ہے ۔تعمیراتی شعبہ فعال نہیں ہے جبکہ سی پیک اور دیگر ترقیاتی منصوبوں پر کئی ماہ سے کام بند ہے جس سے اس شعبہ کے لئے مسائل میں اضافہ ہوا ہے ۔انھوں نے کہا کہ بینکوں کی بلندشرح سود، ڈیڑھ فیصدٹرن اوور ٹیکس، توانائی کی بڑھتی ہوئی قیمتوں اور سٹیل کے شعبہ سے فکسڈ سیلز ٹیکس کی سہولت واپس لینے سے بھی سٹیل کے شعبہ کی پریشانی میں اضافہ ہوا ہے ۔