اسلام آباد،لاہور،،راولپنڈی، گلگت،پشاور، واشنگٹن،ریاض( رپورٹنگ ٹیم، 92 نیوزرپورٹ ،بیورورپورٹ،مانیٹرنگ ڈیسک، نیوزایجنسیاں)گلگت بلتستان میں کرونا وائرس کا ایک اور مریض سامنے آ گیا ، ملک میں متاثرہ مریضوں کی تعداد 21 ہو گئی ۔وزیراعظم نے قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس آج طلب کرلیا جبکہ پنجاب حکومت نے صوبے میں میڈیکل ایمرجنسی نافذکردی ۔ گلگت بلتستان کے ضلع شگر کے رہائشی 31 سالہ مظہرعلی میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوگئی جس کے بعد گلگت بلتستان میں کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 3 ہوگئی۔ مظہرعلی ایران سے 25 فروری کو واپس آیا تھا۔ مریض کو بینظیرشہید ہسپتال کے آئسولیشن وارڈ منتقل کردیا گیا ۔ وزیراعظم نے کروناوائرس سے متعلق صورتحال کاجائزہ لینے کیلئے قومی سلامتی کمیٹی کااجلاس آج طلب کرلیا ۔اجلاس میں وزرائے خارجہ،داخلہ،دفاع ،قانون اور مسلح افواج کے سربراہان بھی شریک ہونگے ۔ادھر پنجاب کابینہ نے کرونا وائرس کی صورتحال کے پیش نظر صوبے میں میڈیکل ایمرجنسی کی منظوری دیدی۔ کابینہ نے کرونا وائرس کیخلاف اقدامات کیلئے ایک ارب روپے فنڈز کی منظوری بھی دی ۔ وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا پاکستان میں کرونا کے 21 کیس کنفرم ہیں۔ حفاظتی تدابیر سے بہت بڑی روک تھام ہوسکتی ہے ۔ پنجاب حکومت کے کرونا وائرس سے متعلق انتظامات مکمل ہیں، انتظامیہ الرٹ ہے اورایک دوسرے سے رابطے میں ہیں۔شکر ہے پنجاب میں ابھی کوئی مریض نہیں آیا تاہم پنجاب کے گرد دیوار تو ہے نہیں کہ وائرس یہاں نہیں آئے گا۔معاون خصوصی صحت ڈاکٹرظفر مرزا نے کہا ہے کرونا کے پاکستان میں ابتک 20 کیس کنفرم ہیں۔کرونا وائرس کے حوالے سے جائزہ اجلاس میں ظفر مرزا نے بتایا کسی بھی ایمرجنسی صورتحال سے نمٹنے کیلئے وفاقی اور صوبائی حکومتیں مکمل تیار ہیں۔ عوام کی معلومات کیلئے وزارت صحت نے ہیلپ لائن قائم کر رکھی ہے جس کا نمبر 1166 ہے ۔اجلاس میں وزرائے اعلی نے صوبوں میں اقدامات کے بارے میں بتایا ۔ترجمان وزارتِ صحت کے مطابق فیس بک کے وفد نے ڈاکٹرظفر مرزا سے ملاقات کی۔ وفد میں نمائندہ گورنمنٹ اینڈ پبلک ایڈووکیسی جولن ذو اورصارم عزیز شامل تھے ۔وفد نے کرونا وائرس کے سلسلے میں آگاہی کیلئے تعاون کی پیشکش کی۔ جولن زو کا کہناتھا کرونا وائرس کے حوالے سے غلط معلومات کو فیس بک سے ہٹا دیا جائے گا۔سندھ کابینہ کے ہنگامی اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ تعلیمی ادارے 30 مئی تک موسم گرما کی تعطیلات کیلئے بند رہیں گے ۔ نویں اور دسویں جماعت کے 16 مارچ سے شروع ہونے والے امتحانات بھی منسوخ کردیئے گئے ۔بلوچستان میں تعلیمی ادارے 31مارچ تک بند رکھنے کا اعلان کر دیا گیا۔پاک افغان چمن سرحد11ویں روزبھی بندرہی۔باب دوستی سے تمام تجارتی سرگرمیاں معطل ہیں۔پاک ایران تفتان سرحد پرتجارت جزوی بحال کردی گئی۔ سندھ میں تعلیمی اداروں کیلئے ہیلتھ ایڈوائزری جاری کردی گئی ۔ ہیلتھ ایڈوائزری کے مطابق 15 سے 20 دن قبل بیرون ممالک سے آنے والے بچوں کا سکول آنا ممنوع ہے اور ساتھ ہی طلبہ کے ایسے رشتے دار جنہوں نے 15 روز قبل بیرون ملک سفر کیا وہ بھی سکول نہیں آسکتے ۔ طلبہ ایک دوسرے سے 3 فٹ کے فاصلے پر بیٹھیں ، صابن، سینیٹائزر اور پانی کا استعمال کریں۔ وزیراعلی خیبر پختونخوا کی زیرصدارت اجلاس میں کرونا وائرس کے تدارک کیلئے ٹاسک فورس تشکیل دیدی گئی۔ ترجمان پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کئیر پنجاب کے مطابق کرونا وائرس کے 5 مشتبہ مریض آئسولیشن وارڈز میں زیرنگرانی ہیں۔جمعرات کو سی اے اے ہیڈکوارٹرز میں کرونا وائرس کی روک تھام اور احتیاطی تدابیر کے حوالے سے اجلاس ہوا۔ ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل ایئرپورٹ سروسز عامر محبوب نے تمام ایئرلائنز کے نمائندوں پر واضح کیا کہ وفاقی حکومت کی ہیلتھ سروسز اور سول ایوی ایشن کی جانب سے جاری ہدایات اورایڈوائزری پر سختی سے عملدرآمد کیا جائے اور اس ضمن میں کسی کوتاہی کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ ایوی ایشن ڈویژن نے عوام سے استدعا کی ہے ائیرپورٹ پر آنے والے افراد رضاکارانہ طور پر رش میں کمی کرنے میں ائیرپورٹ انتظامیہ کیساتھ تعاون کریں تاکہ مسافروں کو جلد ائیر پورٹ سے رخصت کیا جاسکے ۔ کم سے کم افرادمسافر کو ائیرپورٹ پر چھوڑنے اور لینے آئیں ۔بلوچستان حکومت نے ایران سے آنے والے دیگر صوبوں سے تعلق رکھنے والے زائرین کو تفتان میں رکھنے سے انکار کردیا۔اس بات کا فیصلہ وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان کی زیر صدارت اجلاس میں کیا گیا۔اجلاس میں کرونا وائرس کی احتیاطی تدابیر کے حوالے سے جامع عوامی آگاہی مہم شروع کرنے ،تمام اداروں میں بائیو میٹرک حاضری ایک ماہ کیلئے معطل کرنے جبکہ کوئٹہ، گوادر اور تربت ائیرپورٹ پر محکمہ صحت کے اہلکاروں کی تعیناتی کا بھی فیصلہ کیا گیا۔دریں اثناء دنیا بھر میں 24گھنٹوں میں کرونا وائر س سے مزید347افراد ہلاک ہوگئے ۔ہلاکتوں کی مجموعی تعداد4,964 ہو گئی جبکہ7,888نئے کیس سامنے آگئے ۔متاثرہ ممالک کی تعداد125ہو گئی جہاں متاثرین کی تعداد134,087ہو گئی جن میں سے 68,898مریض صحتیاب ہو چکے جبکہ5,947 کی حالت تشویشناک ہے ۔اٹلی میں مزید189مریض چل بسے جبکہ2,651 نئے کیس رپورٹ ہوئے ۔ وزیر اعظم جوسیپی کونٹے نے کہاہے کرونا وبا پرقابو پانے تک ملک میں بڑے بازار اور کاروباری مراکز بند رکھے جائیں گے ۔ایران میں مزید75مریض چل بسے جبکہ1,075نئے کیس رپورٹ ہوئے ۔کرونا وائرس سے متاثر ایرانی پاسداران انقلاب کے پانچ فوجی ہلاک ہوگئے جبکہ دو وزرابھی کرونا کاشکار ہوگئے ۔سپین میں31 ہلاکتیں ، 782نئے کیس ،چین میں 11 اموات جبکہ 18نئے کیس سامنے آئے ہیں۔چین کے نیشنل ہیلتھ کمیشن نے کہا ہے بدترین صورتحال سے باہر آچکے ہیں۔ کرونا وائرس کی انتہا گزر چکی اور اب اس میں کمی واقع ہو رہی ہے ۔فرانس میں 13اموات اور 595نئے مریض سامنے آگئے ۔جنوبی کوریا میں 6اموات ہوئیں اور 114نئے کیس رپورٹ ہوئے ۔جرمنی، برطانیہ ، جاپان اور سوئٹزرلینڈ میں 2،2 افرادہلاک ہوگئے ۔بھارت میں کروناسے پہلی ہلاکت ہوگئی۔بھارتی میڈیاکے مطابق مریض کی عمر76سال تھی۔بھارت نے 15اپریل تک پاکستانیوں سمیت تمام غیرملکیوں کے ویزے معطل کردیئے ۔آسٹریا، یونان، آدربائیجان، الجیریا،پولینڈ اور گیانا میں بھی پہلی پہلی ہلاکت رپورٹ ہوئی ہے ۔ جرمنی 779،سوئٹزرلینڈ میں215،برطانیہ 130،امریکہ 272 ،ناروے 74،ڈنمارک 160،نیدرلینڈز111،سویڈن183،بلجیم 85،آسٹریا56،فن لینڈ44، آسٹریلیا28،آئس لینڈ18،پرتگال،برازیل 17،17، پولینڈ میں مزید 16کیس سامنے آگئے ۔ سعودی عرب نے کرونا وائرس کے خطرے کے پیش نظر پورے ملک کو لاک ڈاؤن کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے شہریوں اور رہائشیوں کے سفر کو عارضی معطل کردیا۔ سعودی حکومت نے پاکستان اور یورپی یونین سمیت 12ممالک کیساتھ پروازوں کو بھی روک دیا۔ سعودی عرب نے اپنے شہریوں کو بیرون ملک جانے سے روک دیا جبکہ دوسرے ممالک میں شہریوں کو بھی جلد واپس آنے کی ہدایت کر دی۔سعودی عرب نے ایسے افراد پر 5 لاکھ ریال جرمانہ بھی عائد کرنے کا کہا ہے جو انٹری پوائنٹس پر صحت کی معلومات ارو سفری سہولیات فراہم نہیں کریں۔ رائٹرز نے ذرائع کے حولے سے بتایا سعودی حکومت نے یورپی یونین، سوئٹزرلینڈ، بھارت، پاکستان، سری لنکا، فلپائن، سوڈان، ایتھوپیا، جنوبی سوڈان، اریٹریا، کینیا، جبوتی اور سومالیہ کے ساتھ پروازوں کو معطل کیا۔ سعودی عرب نے عمرہ زائرین اور وزٹ ویزا رکھنے والوں کو72 گھنٹوں کے اندر ملک چھوڑنے کی ہدایت کردی۔پاکستانی وزارت خارجہ نے سفارتخانوں اور قونصلخانوں میں ہاٹ لائن قائم کردی جبکہ پی آئی اے نے 3 خصوصی پروازیں چلانے کا اعلان کیا ہے ۔مکہ مکرمہ میں جبل نور کے علاقے میں قائم عارضی دکانیں اور دیسی طرز کے گیسٹ ہائوسز ہٹا دیئے ۔ مکہ میونسپلٹی کے اہلکاروں نے میدان عرفات میں جبل رحمت اور مکہ مکرمہ میں جبل ثور اور غار ثور کے راستوں پر واقع کچی دکانیں بھی ہٹا دیں۔ ان تمام مقامات پر صفائی اور جراثیم کش ادویہ کا چھڑکائو بھی کرایا گیا۔امریکی صدر ٹرمپ نے یورپ سے امریکہ کے سفر پر پابندی عائد کر دی۔ انہوں نے کہا اگلے 30 دن کیلئے یورپ سے امریکہ آنے والوں کیلئے تمام سفر معطل رہے گا۔ ان سخت مگر ضروری پابندیوں کا اطلاق برطانیہ پر نہیں ہو گا ۔صدر ٹرمپ نے یورپی ممالک کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا انہوں نے وائرس کو روکنے کیلئے مناسب اور سنجیدہ اقدامات نہیں کیے ۔ یہ ممالک اپنے فرائض انجام دینے میں مکمل ناکام رہے ۔ امریکہ میں کرونا وائرس یورپی ممالک سے آنیوالے مسافروں کیوجہ سے پھیلا ۔ نیویارک میں سینٹ پیٹرک ڈے پریڈ ملتوی کر دی گئی ۔ڈسٹرکٹ کولمبیا میں کرونا وائرس کے چھ نئے کیس سامنے آنے کے بعد واشنگٹن میں ہنگامی صورتحال کا اعلان کردیا گیا۔ ڈسٹرکٹ، میری لینڈ اور ورجینیا کے سینکڑوں چرچ، جن میں نیشنل کیتھڈرل شامل ہے ، دو ہفتوں تک بند رہیں گے ۔ یورپی کونسل کے صدر چارلس مچل نے کہا ہے یورپی ممالک کی پروازوں پر امریکی پابندیوں سے پیدا اقتصادی بدنظمی سے بچنا ہو گا۔اقوام متحدہ نے تمام ملکوں سے کرونا سے نمٹنے کیلئے ہنگامی اقدامات کا مطالبہ کردیا۔ سیکرٹری جنرل انتونیو گوٹریس نے کہا اس سے پہلے کبھی ایسی وبا نہیں دیکھی۔ہر انسان کو خواہ کہیں بھی ہو، وبا کیخلاف اٹھ کھڑے ہونا چاہیے کیونکہ موجودہ وقت ہر کسی سے کرونا وباسے نمٹنے کا تقاضا کرتا ہے ۔ اس مشکل وقت میں ہمیں ذمہ داری اور یکجہتی کا مظاہرہ کرنے کی ضرورت ہے ۔ منیلا میں کرونا وائرس سے ایک شخص کے متاثر ہونے کے بعد ایشیائی ترقیاتی بینک کے ہیڈ آفس کو غیر معینہ مدت کیلئے بند کر دیا گیا۔ اے ڈی بی کے تمام ملازم گھر بیٹھ کر کام کرینگے ۔اسرائیلی فوج نے کرونا کے خطرے کے پیش نظر فلسطین کے علاقوں غرب اردن اور مقبوضہ بیت المقدس کو اردن سے ملانے والی الکرامہ گذرگاہ دو طرفہ آمدو رفت کیلئے سیل کردی ۔کرونا سے متاثر ہونے کے خدشے پر برطانوی کابینہ کے رکن سمیت 6 ارکان پارلیمنٹ قرنطینہ میں چلے گئے ۔ لبنان میں کرونا وائرس کی وبانے طبی عملے کے 10 ارکان کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ۔ ملک کی سپریم شیعہ اسلامی کونسل نے نماز جمعہ کے اجتماعات اور مساجد میں با جماعت نمازوں کی ادائیگی روکنے کااعلان کیا ہے ۔ لبنان نے چین کے بعد اٹلی، جنوبی کوریا اور ایران کیلئے پروازیں منسوخ کردی ہیں۔کویت نے آج سے تمام تجارتی پروازیں تاحکم ثانی معطل کرنے کا اعلان کیا ہے ۔دنیا بھر میں کرونا کے بڑھتے ہوئے خطرے کو دیکھتے ہوئے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر نے تمام دفاتر بند کرتے ہوئے اپنے 4900 ملازمین کو گھر سے کام کرنے کی ہدایت کردی۔اے ایف پی کے مطابق کینیڈین وزیراعظم جسٹن ٹروڈو اور انکی اہلیہ صوفی گریگوئر نے اپنے آپ کو گھر میں آئسولیٹ کرنے کا فیصلہ کیا ہے ،صوفی برطانیہ میں تقریب میں شرکت کر کے واپس آئیں تو ان میں وائرس کی مشتبہ علامات پائی گئی تھیں جس پر دونوں کے ٹیسٹ کئے گئے ۔برازیلی حکومت نے کہا ہے صدر جیر بولسونارو کے کمیونی کیشن چیف جنہوں نے گزشتہ ہفتے صدر ٹرمپ سے ملاقات کی تھی، میں کرونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے ، وائٹ ہاؤس نے ردعمل میں کہا ابھی ٹرمپ کے ٹیسٹ کی ضرورت نہیں ۔ کراچی، اسلام آباد (کامرس رپورٹر،وقائع نگار ،92نیوزرپورٹ )عالمی دارہ صحت کی جانب سے کرونا کو عالمگیر وبا قرار دینے اور امریکی صدر کے یورپ کیلئے پروازوں پر بندش کے اعلان کے باعث دنیا بھر کی سٹاک مارکیٹوں کی طرح پاکستان سٹاک مارکیٹ میں بھی شدید مندی ریکارڈ کی گئی اور سرمایہ کاروں کی جانب سے گھبراہٹ میں حصص کی دھڑا دھڑ فروخت کے باعث مارکیٹ 4فیصد سے زائد گرنے کی وجہ سے رواں ہفتہ دوسری مرتبہ ٹریڈنگ معطل کرنی پڑی۔ رسک مینجمنٹ قوانین کے تحت45منٹ کے وقفہ کے بعد کاروباری سرگرمیاں بحال ہونے کے بعد بھی شدید مندی کے بادل چھائے رہے جس کے نتیجہ میں کے ایس ای100انڈیکس37ہزار اور 36ہزار کی نفسیاتی حدوں سے گرتے ہوئے 1716.56پوائنٹس کی کمی سے 35956.69پوائنٹس کی سطح پر آگیا ،مندی کے سبب سرمایہ کاروں کو2کھرب 22ارب3کروڑ31لاکھ روپے کا نقصان پہنچا اورمارکیٹ کی سرمایہ کاری مالیت گھٹ کر68کھرب 5ارب8کروڑ90لاکھ روپے ہوگئی ۔گزشتہ روز ٹریڈنگ کے آغاز سے ہی سٹاک مارکیٹ شدید مندی کی لپیٹ میں آگئی تھی جس کے تسلسل میں دوپہر 2 بجکر 12 منٹ پر مارکیٹ میں اچانک13 سو سے زائد پوائنٹس کمی کے بعد 100 انڈیکس 36 ہزار 349 پوائنٹس پر آگیا، جس کے بعد کاروبار کو 45 منٹ کیلئے روک دیا گیا۔گزشتہ روز 323کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا جن میں سے صرف 42کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ ہوا جبکہ271 کے حصص کی قیمتیں گر گئیں ۔کے ایس ای30انڈیکس بھی936.44پوائنٹس کی کمی سے 15992.37 پوائنٹس اور کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس 816.70پوائنٹس کی کمی سے 25310.97پوائنٹس پربندہوا۔جمعرات کو23کروڑ6لاکھ98ہزار شیئرز کاکاروبار ہوا جوبدھ کے مقابلہ میں1کروڑ30لاکھ 64ہزار شیئرززائد ہے ۔ امریکی صدر ٹرمپ کی جانب سے یورپی ممالک کیلئے پروازوں پر پابندی کے اعلان کیساتھ ہی عالمی منڈیوں میں منفی رجحان دیکھا گیا جبکہ عالمی فضائی کمپنیوں کے شنیئرزبھی گرگئے ۔جاپان کے نکئی انڈیکس میں ساڑھے 4فیصدتک گراوٹ،بھارت کی بمبئی سٹاک ایکسچینج7.75،آسٹریلوی مارکیٹ7.36فیصدتک گرگئی،اٹلی کی میلان سٹاک مارکیٹ10.83اورروسی سٹاک مارکیٹ8.28فیصدتک گرگئی۔چینی سٹاک مارکیٹ میں ایک اعشاریہ 7 فیصد، ہانگ کانگ سٹاک مارکیٹ میں 3 اعشاریہ 8 فیصد اور سنگاپور میں 3 اعشاریہ 9 فیصد کمی دیکھنے میں آئی۔امریکی سٹاک مارکیٹ میں شدید اتار چڑھاؤ دیکھنے میں آیا، ایس اینڈ پی میں آغاز کے چند منٹ بعد ہی 8فیصد گراوٹ دیکھنے میں آئی جسکے باعث مزید نقصان سے بچنے کیلئے کاروبار 15منٹ تک بند رہا۔ایس اینڈ پی 500انڈیکس میں 212پوائنٹس کی کمی ریکارڈ کی گئی۔ بھارتی روپے کی قدر بھی ایک فیصد گھٹ گئی۔