اسلام آباد(سپیشل رپورٹر) وفاقی وزیر انسانی حقوق ڈاکٹر شیریں مزاری نے کہا ہے کہ بھارت کی طرف سے آزاد کشمیر پر قبضہ کرنے اور پاکستان کی سلامتی سے کھیلنے کے ناپاک عزائم کادندان شکن جواب دینے کی صلاحیت رکھتے ہیں، اکھنڈ بھارت پر یقین رکھتے والی مودی سرکار کے ایجنڈے اور آر ایس ایس کے نظریے کو عمران خان نے اپنی کامیاب سیاسی اور سفارتی حکمت عملی سے رول بیک کر دیا ۔ پی آئی سی ایس ایس میں کشمیر کانفرنس سے خطاب میں وفاقی وزیر نے کہا کہ یہ کہنا غلط ہو گا کہ موجودہ حکومت نے کشمیر ایشو کو صحیح طور پر ہینڈل نہیں کیا ،مسئلہ کشمیر پر حکومت پاکستان کا موقف بالکل اٹل اورواضح ہے ۔ کشمیر میں جاری ریاستی دہشتگردی ، کرفیو کے خاتمے تک بھارت سے کسی بھی قسم کے مکالمے کی کوئی گنجا ئش نہیں ۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر ہماری شہ رگ ہے اور اس پر سمجھوتے کا تصور بھی نہیں کیا جاسکتا، بھارت کو ہر قیمت پر کشمیریوں کو استصواب رائے کا حق دینا ہوگا ۔ کانفرنس میں سابق سفیر عبدالباسط، سابق وزیر دفاع جنرل (ر)نعیم خالد لودھی، سابق چیف جسٹس آزاد کشمیر منظور گیلانی، حریت رہنما غلام محمد صفی، میجر جنرل (ر) سعد خٹک اور تجزیہ کار عبداللہ خان نے اپنے مکالمے اور نقطہ نظرشرکا کے سامنے رکھا ۔مقررین کا کہنا تھا کہ ہندوستانی افواج کی کشمیر میں موجودگی پورے خطے کیلئے خطرہ ہے ،مسئلہ کشمیر پورے جنوبی ایشیاء کی ترقی کی راہ میں رکاوٹ ہے ،مودی سرکار زمینی حقائق کو مد نظررکھتے ہوئے کشمیر سے متعلق فیصلے لینے چاہئیں۔