اسلام آباد (وقائع نگار) پی ٹی آئی رہنما جہانگیر ترین نے کہا ہے کہ میں شکر گزار ہونگا اگر حکومتی ترجمان 2017-18ء کے اعدادوشمار کو تسلیم کریں۔ معاون خصوصی برائے احتساب شہزاد اکبر کی پریس کانفرنس پر ردعمل دیتے ہوئے جہانگیر ترین کا کہنا تھا کہ حکومتی ترجمان کو اعدادوشمار کا علم ہونا چاہیے ۔ میں واحد شوگر مل اونر تھا جس نے دو ہزار سترہ، اٹھارہ کے دوران کاشتکار کو گنے کی پوری قیمت ادا کی۔ جہانگیر ترین نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری اپنے بیان میں وزیراعظم کی 12 اکتوبر دو ہزار سترہ کی پوسٹ کو ری ٹویٹ کیا۔ عمران خان نے اپنی اس ٹویٹ میں کہا تھا کہ جہانگیر ترین پوری قیمت دینے والے واحد مل اونر ہیں۔