کوئٹہ ،اسلام آباد، لاہور، کراچی، خضدار (کرائم رپورٹر، خصوصی نیوز رپورٹر، سپیشل رپورٹر، سٹاف رپورٹر، نامہ نگار، مانیٹرنگ ڈیسک) کوئٹہ میں مشرقی بائی پاس پر ڈی آئی جی کے قافلے پر خودکش حملے کے نتیجے میں پولیس اہلکاروں سمیت32 افراد شہید اور84 زخمی ہوگئے جن میں سے 8افراد کی حالت تشویشناک ہے ، ڈپٹی انسپکٹر جنرل پولیس کوئٹہ عبدالرزاق چیمہ معجزانہ طور پر محفوظ رہے ،خود کش حملے میں 6سے 8کلو گرام دھماکہ خیز مواد اور بال بیرنگ استعمال کئے گئے ۔دھماکے میں زخمی ہونے والے افراد کو فوری طور پر سول ہسپتال منتقل کردیا گیا، سکیورٹی اہلکاروں نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور تحقیقات کا آغاز کردیا،داعش نے خودکش دھماکے کی ذمہ د اری قبول کرلی۔ بلوچستان میں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 271 بلیدہ میں انتخابی عملے کی سکیورٹی پر مامور فوجی جوانوں پر فائرنگ کے نتیجے میں 3 اہلکاروں سمیت 4 افراد شہید ہوگئے ۔پولیس کے مطابق دھماکہ ایک پولنگ سٹیشن ’تعمیر نو ماڈل سکول‘ کے قریب فورسز کے قافلے پر ہوا، جہاں سکول میں پولنگ کا عمل جاری تھا، جو دھماکے سے معطل ہوگیا۔ ڈی آئی جی عبد الرزاق چیمہ سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لینے کے لئے پہنچے تھے کہ اس دوران سیاسی جماعتوں کے لگائے گئے کیمپوں میں ووٹرز میں شامل مشکوک موٹر سائیکل سوار کو سکیورٹی اہلکاروں نے تلاشی کی غرض سے روکا تو خود کش حملہ آور نے اپنے آپ کو اڑا لیا۔آئی جی پولیس بلوچستان محسن بٹ نے بتایا کہ خودکش حملہ آور نے ڈی آئی جی کے قافلے کو نشانہ بنانے کی کوشش کی،دھماکے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈی آئی جی آپریشن نے دھماکے میں 32 افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کی اور بتایا کہ اس دھماکے میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کو نشانہ بنایا گیا۔مشرقی بائی پاس خودکش واقعہ میں شہید ہونے والے پولیس اہلکاروں کی نماز جنازہ ادا کردی گئی ،صدرممنون حسین،نگران وزیر اعظم جسٹس (ر) ناصرالملک ،چیف الیکشن کمشنر سردار محمد رضا،عمران خان،زرداری ،بلاول بھٹو،سراج الحق ،حافظ سعید،فضل الرحمن ودیگرنے کوئٹہ میں دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے رنج اور دکھ کا اظہار کیا ہے ، بیان میں انہوں نے کہاکہ یہ حملہ انسانیت سوز اور ہر لحاظ سے سفاکانہ ہے ،دشمن انتشار کا خواہشمند ہے ، وہ ناکام اور رسوا ہوگا،دھماکہ کے ذمہ دار عناصر کو عبرتناک سزا دی جائے ۔دوسری جانب نگران وزیراعلیٰ بلوچستان علائوالدین مری نے مشرقی بائی پاس پر بم دھماکے کی شدیدمذمت کرتے ہوئے واقعہ میں جانی نقصان پر افسوس کااظہار کرتے ہوئے کہاکہ دھماکہ ملک دشمن عناصر کی جانب سے انتخابی عمل کو ناکام بنانے کی کوشش ہے ،دہشت گرد خوف وہراس اور بدامنی پیدا کرناچاہتے ہیں ۔ادھر پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ سے جاری بیان کے مطابق بلوچستان کے علاقے بلیدہ میں انتخابی عملے کی حفاظت پر تعینات سکیورٹی اہلکاروں پر دہشت گردوں نے حملہ کیا، رات گئے ہونے والے اس حملے میں 3 جوان اور ایک انتخابی عملے کا رکن شہید ہوگیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق زمان ماؤنٹین رینج کے قریب دہشت گردوں کی جانب سے انتخابی عمل میں خلل ڈالنے کے لیے حملہ کیا گیا، تاہم سکیورٹی فورسز نے حملے کو ناکام بنادیا اور پولنگ عملے کو باحفاظت ان کی منزل تک پہنچایااس دوران فائرنگ کے نتیجے میں 3 سکیورٹی اہلکاروں نے جام شہادت نوش کیا۔آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ شہید ہونے والوں میں ڈیڑہ بگٹی کا سپاہی عمران، چکوال کا سپاہی جہانزیب اور ہری پور کا سپاہی اکمل شامل ہیں جبکہ پولنگ ٹیم کے سکول ٹیچر سیف اﷲ بھی شہید ہوئے ، حملے میں 14 افراد زخمی بھی ہوئے جن میں 10 کی حالت تشویشناک ہے ۔ ادھر لاڑکانہ میں بلاول بھٹو زرداری کے حلقے این اے 200میں پی پی کے کیمپ کے قریب کریکر حملہ ہوا ہے جس کے نتیجے میں5افرادزخمی ہو گئے جنہیں فوری طبی امداد کے لیے چانڈکا میڈیکل ہسپتال منتقل کردیا گیا۔خضدار کے علاقے میں پرائمری سکول میں واقع پولنگ سٹیشن پر نامعلوم افراد کا دستی بم سے حملے کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار رشید احمد شہید جبکہ چار زخمی ہو گئے ۔