اسلا م آباد ،لاہور ، کراچی،پشاور،واشنگٹن (رپورٹنگ ٹیم، نمائندگان، نیوزایجنسیاں،مانیٹرنگ ڈیسک) کورونا کی مہلک وبا نے پاکستان میں مزید70افرادکی جان لے لی اور اموات کی مجموعی تعداد17187ہو گئی ۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کے مطابق گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران ملک میں کورونا مثبت کیسز کی شرح 9.61 فیصد رہی، کوروناکے 4825نئے مریض رپورٹ ہوئے اور کل تعداد800452ہوگئی جبکہ فعال کیسز کی تعداد89219ہو گئی،4862مریضوں کی حالت تشویشناک ہے جبکہ کل694046صحتیاب ہو چکے ، ملک بھر میں 570وینٹی لیٹرز زیر استعمال ہیں ۔این سی او سی میں عید کی چھٹیوں میں عوام کی نقل و حمل کو محدود تر رکھنے اور ٹورزم کا نظام مرتب کرنے پر غور کیا گیا۔چین سے کوروناویکسین کی چھٹی کھیپ 29 اپریل کو پاکستان لائی جائے گی ۔پی آئی اے کو طیارے بھیجنے کیلئے متعلقہ ادارے کو درخواست بھیج دی گئی۔علاوہ ازیں وفاقی وزیرمذہبی امور نور الحق قادری اورقومی کوآرڈینیٹرنیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر لیفٹیننٹ جنرل حمودالزمان کی زیرصدارت این سی او سی کا خصوصی اجلاس ہوا جس میں ملک کے تمام مکاتب فکر کے جید علما ئے کرام نے خصوصی دعوت پر شرکت کی۔ کورونا کے پھیلاؤ میں اضافہ کی شرح کو مد نظر رکھتے ہوئے فورم نے علمائے کرام کو وبا کے سد باب کے سلسلہ میں کی گئی حکومتی کاوشوں سے آگاہ کیا ۔ ایوان صدر سے جاری شدہ20 نکاتی ایجنڈے کو سامنے رکھتے ہوئے آئندہ کا لائحہ عمل مرتب کرنے پر بھی غور کیا گیا۔ رمضان کے بقیہ ایام بالخصوص یوم علی،آخری عشرہ میں قیام الیل ،شب قدر، جمعتہ الوداع،چاند رات اورعید الفطر کے اجتماعات میں کورونا ایس او پیز پر لازمی عملدرآمد کو یقینی بنانے کیلئے علمائے کرام کی خصوصی معاونت پر زور دیا گیا۔تمام شرکا نے وبا کے پھیلاو اورانسداد کے عمل کی حکومتی کوششوں کو سراہا اور اپنی تجاویزسے بھی آگاہ کیا۔ ویڈیو لنک اجلاس سے خطاب میں وزیر اوقاف پنجاب سید سعید الحسن شاہ نے کہا کہ کورونا کی صورتحال کے پیش نظر تمام علمائے کرام اور میڈیا نے حکومتی اقدامات کی تائید کی ۔نماز عید کے اجتماعات کو بھی محدود رکھا جائیگا۔ علمائکرام اپنا قائدانہ کردار ادا کریں اور کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کے سلسلہ میں عوام کو آگاہی دیں۔ دریں اثنا پاک فوج نے کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد کیلئے شاہراہوں پر گشت کیا ۔ پاک فوج کی گشت پر مامور گاڑیوں پر کورونا سے بچائو کیلئے ’’ کورونا وائرس کیخلاف جنگ میں ساتھ دیں، خود بھی بچیں ملک کو بھی بچائیں ‘‘ اور آگاہی پر مبنی دیگر تحریریں بھی آوایزاں کی گئی ہیں ۔ لاہور پولیس، رینجرز اور پاک آرمی کے جوانوں نے شہر میں فلیگ مارچ کیا۔ ترجمان پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کیئر پنجاب کے مطابق صوبہ میں کورونا کے 2190نئے کیس سامنے آگئے اورمزید26مریضوں کی جان چلی گئی جبکہ اموات کی کل تعداد7990ہوگئی ۔ لاہورمیں 1275کیس سامنے آئے ۔لاہور میں اسسٹنٹ کمشنر کینٹ ذیشان نصر اللہ رانجھا نے کورونا ایس او پیز خلاف ورزی پر3دکانوں کو سیل کر دیا۔سندھ اسمبلی آڈیٹوریم میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ نے کورونا کے پھیلاؤ پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تمام ترضروری اقدامات کے باوجود سندھ میں 60 روز کے دوران تین گناکیسزبڑھے ہیں جس پر ہم پریشان اور گھبرائے ہوئے ہیں ۔تاہم وباکے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے صوبے میں فوری طور پر سخت اقدامات کئے جارہے ہیں اور انکی خلاف ورزی پر سخت کارروائی عمل میں لائی جائیگی۔ میرا خواہ کتنا ہی مذاق اڑالیں لیکن وباکو خدارا سنجیدہ لیں۔ سب سے درخواست ہے کہ عید منانے آبائی علاقوں میں نہ جائیں،اس وقت جو جہاں ہے وہ وہیں رہے یہ التجا ہے ،وبا کے پھیلاو روکنے کا طریقہ نقل وحرکت محدود کرناہے ۔وفاقی حکومت سے درخواست کی ہے کہ دیگر صوبے بھی انٹرسٹی پبلک ٹرانسپورٹ بند کریں،چاہیں گے کہ عید کے بعد ٹرینیں اور فلائٹس بند کریں ۔قبل ازیں وزیر اعلیٰ سند ھ کی زیرصدارت کورونا ٹاسک فورس کا اہم اجلاس ہو ا جس میں سندھ میں کورونا کے پھیلاؤ میں اضافہ کے پیش نظر تمام تعلیمی اداروں،سرکاری دفاتر اور 29 اپریل سے انٹرسٹی ٹرانسپورٹ کو بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا،تاہم گڈز ٹرانسپورٹ اور انڈسٹریز کھلی رہیں گی۔تمام تعلیمی ادارے عید تک بند ہونگے ۔ ریسٹورنٹس میں ڈائننگ اندر اور باہر دونوں پر پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کیا گیا جبکہ ٹیک اوے اور ڈلیوری کھلی رہے گی۔شاپنگ سینٹرز شام 6 بجے بند کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ اگر کیسز مزید بڑھے تو بازار مکمل طور پر بند کردیئے جائیں گے ۔ٹاسک فورس نے جیلوں میں ملاقاتیں بھی بند کرنے ، دفاتر میں عوام کے داخلے پر پابندی عائد کرنے کا بھی فیصلہ کیا۔ دفاتر کے اوقات کم کرکے صبح 9 سے دوپہر 2 بجے تک کردیئے گئے ، ہسپتال تمام پابندیوں سے مستثنیٰ ہیں۔ سرکاری دفاتر میں ہیڈ آف ڈیپارٹمنٹ فیصلہ کرے گا کہ کتنے ملازمین آنے چاہئیں، وہ چاہے تو 20 فیصد کو بلا سکتاہے ،باقی لوگ گھروں سے کام کرینگے ۔دریں اثنا چیف سیکرٹری سندھ سید ممتازعلی شاہ نے کورونا ٹاسک فورس کے اجلاس میں سرکاری دفاترسے متعلق فیصلوں پرعملدرآمد کیلئے نوٹیفیکیشن جاری کردیا ۔دوسری جانب سندھ سیکرٹریٹ میں سائیلین کے داخلے پربھی تاحکم ثانی پابندی عائد کردی گئی ۔علاوہ ازیں کورونا کے بڑھتے ہوئے خطرات کے پیش نظر ڈسٹرکٹ کورنگی کے تین سب ڈویژن کی تین یوسیز میں10 مئی تک سمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کردیا گیا ۔کراچی ضلع وسطی میں برطانوی قسم کا پہلا کورونا کیس رپورٹ ہونے پرتشویش کی لہرپھیل گئی جس پرکمشنرکراچی نے نارتھ کراچی میں دو ہفتوں کیلئے مائیکرو لاک ڈائون نافذ کرنے کی ہدایت کردی ۔ادھرخیبرپختونخوا میں کورونا مثبت کیسز کی شرح 12.4ہوگئی۔کورونا کیسزمیں اضافہ پر پر پشاور کے مزید متعددعلاقوں میں مائیکرو سمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کر دیا گیا۔حکومت بلوچستان نے کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز کے پیش نظرصوبے بھر میں دفعہ 144نافذ کرتے ہوئے 5یا اس سے زائد افراد کے اجتماع پر 15دن کی پابندی عائد کردی۔بلوچستان میں تمام سکول بھی فوری طور پر بندکردئیے گئے ۔ دنیا بھرمیں ہلاکتیں31لاکھ30ہزارسے زائد ہو گئیں۔ ترکی کے صدر رجب طیب اردوان نے کورونا کے خلاف نئی پابندیوں کا اعلان کردیا اور کہا کہ ملک میں 29اپریل سے 17مئی تک سخت ترین لاک ڈائون لگانے کا فیصلہ کیا گیا ہے ، اس دوران تمام دفاتر اورکاروباری ادارے مکمل طورپر بند رہیں گے ۔شہروں کے درمیان چلنے والی ٹرانسپورٹ 50فیصد گنجائش کے ساتھ چلے گی۔ادھر27یورپی ممالک نے ویکسین نہ لگوانے والے سیاحوں کاداخلہ بندکرنے کا اعلان کردیا۔