اسلا م آباد ،لاہور(رپورٹنگ ٹیم،نیوزایجنسیاں، مانیٹرنگ ڈیسک) کورونا کی مہلک وبانے پاکستان میں مزید2ا فرادکی جان لے لی اور اموات کی مجموعی تعداد30333ہو گئی ۔ سعودی عرب میں یومیہ کیسز میں نمایاں کمی کے بعد دو سال بعد خانہ کعبہ اور مسجد نبوی ﷺ میں اعتکاف کی اجازت دیدی گئی ۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر اوروزارت قومی صحت کے مطابق گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران 27741کورونا ٹیسٹ کئے گئے ۔ سعودی میڈیا کے مطابق رواں برس ماہ رمضان کی مبارک سعادتوں کو عبادات اور اذکار سے سجانے کیلئے سعودی عرب میں مقدس مقامات کی خدمات پر مامور کمیٹی نے اہم فیصلے کئے ، رمضان المبارک میں عمرہ اور عبادات کی بغیر کسی پابندی کے مکمل اجازت دیدی۔ اللہ کے مہمانوں کو خوش آمدید کہنے کیلئے تمام کورونا سفری پابندیاں بھی ختم کردی ہیں۔ہانگ کانگ نے یکم اپریل سے پاکستان سمیت 9 ممالک پر سے سفری پابندیاں اٹھانے کا اعلان کردیا۔ہانگ کانگ میں کورونا کیسز میں کمی کے سبب 16اپریل سے سکول جبکہ 21اپریل سے کھیلوں کی سرگرمیاں بحال ہونگی اور عوامی مقامات بھی دوبارہ کھل جائینگے ، قرنطینہ کی مدت بھی کم کرکے 7 روز کردی جائیگی۔