لاہور،اسلام آباد،پشاور ،کوئٹہ ، نیویارک ، ریاض ، نئی دہلی (کامرس رپورٹر ،نامہ نگار ،اپنے سٹاف رپورٹرسے ،کلچرل رپورٹر، سپیشل رپورٹر ،خبر نگار ،سٹاف رپورٹر ،نمائندگان،92 نیوزرپورٹ، مانیٹرنگ ڈیسک ، نیوزایجنسیاں ) ملک بھر میں کورونا وائرس کے مزید 98 مریض جاں بحق ہوگئے جبکہ 5857 نئے کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔نیشنل کمانڈاینڈآپریشن سنٹر کے مطابق ملک بھر میں کورونا کے مصدقہ کیس 778238 فعال کیس 84935 جبکہ 559 مریض وینٹی لیٹرز پر ہیں۔چوبیس گھنٹوں کے دوران 57591 ٹیسٹ کیے گئے ۔ اسلام آباد میں 24 گھنٹوں میں 10 سال تک کے 56 بچوں میں کورونا کی تشخیص ہوئی۔خیبر پختونخوا میں 24 مزید 39مریض جاں بحق جبکہ 1171افراد میں وائرس کی تشخیص ہوئی ۔بلوچستان میں کورونا کے پھیلائو کی شرح 10.83فیصد ہوگئی، 24گھنٹے کے دوران 123مریض سامنے آئے جبکہ ایک ہلاکت ہوئی۔پنجاب میں کورونا کے 2902 نئے کیس رپورٹ ہوئے جبکہ 54 مریض دم توڑ گئے ۔ ترجمان پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر کے مطابق لاہور 1466، ننکانہ 3، قصور 12، شیخوپورہ 35، راولپنڈی 133، جہلم 20، اٹک 11،چکوال17، مظفرگڑھ 16، حافظ آباد22 ، گوجرانوالہ 46 ، سیالکوٹ 45، نارووال 6، گجرات 10، منڈی بہاؤالدین 18، ملتان 204، خانیوال 23، راجن پور 7، لیہ 14، ڈیرہ غازیخان 32 ، وہاڑی ،فیصل آباد 179، چنیوٹ 7، ٹوبہ15، جھنگ 47،رحیمیار خان 83 ،سرگودھا 110، میانوالی 1،خوشاب 4، بہاولنگر 13، بہاولپور 103، لودھراں 8، بھکر 61، ساہیوال 31، پاکپتن 21 اور اوکاڑہ میں 61 کیس سامنے آئے ۔ مزید720 مریض صحتیاب ہو کر گھروں کو جا چکے ۔ پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں میں کورونا متاثرین کیلئے مختص 6685 بیڈ زمیں سے 4055 بیڈ خالی ہیں۔ لاہور کے سرکاری ہسپتالوں میں 1601بیڈ ز میں سے 777 بیڈ خالی ہیں۔صوبہ کے سرکاری ہسپتالوں میں کورونامتاثرین کیلئے مختص 660 وینٹی لیٹرز میں سے 274 وینٹی لیٹر خالی ہیں۔ لاہورکے سرکاری ہسپتالوں میں246 وینٹی لیٹرزمیں سے 39 وینٹی لیٹر خالی ہیں۔اداکارہ بشریٰ انصاری اور اسما عباس کی بہن اداکارہ سنبل شاہد کی وینٹی لیٹر پر حالت تشویشناک ہے ۔ اسما عباس نے مداحوں سے دعائے صحت کی اپیل کی ہے ۔ این سی او سی کی ہدایات پر ملک بھر میں کورونا ویکسی نیشن سنٹرز کے اوقات کار یکساں کر دیے گئے ،ویکسی نیشن سنٹرز صبح 10 سے دوپہر بجے تک پہلی شفٹ میں کام کریں گے جبکہ دوسری شفٹ افطار کے بعد رات 8:30 سے 12 بجے تک ہو گی۔پنجاب میں 60سال سے زائدعمر کے ، معذوریا بیمار بزرگ شہریوں کو گھروں میں کوروناویکسین لگائی جائیگی۔شہری 1033پرکال کرکے معلومات فراہم کریں۔ پی آئی اے نے عملے کی ویکسی نیشن کا کام تیز کردیا ۔ پہلے مرحلے میں کراچی ، لاہور ،اسلام آباد میں اڑھائی سو سے زائد پائلٹس ، فضائی میزبانوں کو ویکسین لگا دی گئی ۔ وزیرِ اعظم نے نیشنل کورآرڈینیشن کمیٹی کورونا کا اجلاس آج 12 بجے طلب کرلیا ۔این سی او سی حکام کورونا کی تازہ صورتحال پر بریفنگ دینگے ۔ ذرائع کے مطابق وفاق نے پابندیاں سخت کرنے کی تجاویز پر صوبوں سے رائے طلب کرلی۔وفاقی حکومت نے 2مراحل میں پابندیاں سخت کرنے کی تجویز دیدی، پہلے مرحلے میں شام 6تاسحری کاروباربندکرنے ، شام کے اوقات میں پٹرول پمپس،ویکسی نیشن سنٹر، فارمیسیاں کھلے رکھنے کی تجویزپیش کردی۔ ہفتہ،اتوارکاروباری سرگرمیاں مکمل بند جبکہ پٹرول پمپ،فارمیسی،سبزی،پولٹری کی دکانیں کھلی رکھنے کی تجویزدی گئی ہے ۔دفاترمیں 50فیصد عملے کی حاضری کے فیصلے پر عملدرآمد،دفتری اوقات کار 9سے دوپہر2بجے ، جم،ورزش سنٹرزمکمل بند کرنے کی بھی تجویز ہے ۔ 13فیصدسے زائد مثبت کیسزکی شرح والے شہروں میں مکمل لاک ڈاؤن کی تجویز دی گئی ۔ کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی پر کارروائیاں جاری ہیں، لاہور میں بیدیاں روڈ اور تاجپورہ میں 2 سٹور جبکہ کینال روڈپر مارٹ کو سیل کر دیا گیا۔ ادھردنیا بھر میں ہلاکتیں30 لاکھ 80 ہزار جبکہ کیس14کروڑ51لاکھ سے تجاوز کر گئے ۔چوبیس گھنٹوں کے دوران7 لاکھ سے زائد کیس رپورٹ ہوئے جبکہ 8838اموات ہوئیں۔ بھارت میں ریکارڈ 332358کیس سامنے آئے جبکہ 2255اموات ہوئیں۔ ہسپتالوں میں آکسیجن کی شدید قلت ہوگئی ۔ مہندر سنگھ دھونی کے والدین کورونا میں مبتلا ہوگئے ، انہیں رانچی کے ہسپتال میں داخل کرادیا گیا ۔ بھارتی سپریم کورٹ نے ملک میں کورونا کے خوفناک حالات پر ازخود نوٹس لیتے ہوئے مودی حکومت کو نوٹس جاری کردیا، آج سماعت ہوگی۔کورونا کے بڑھتے کیسز کے باعث بھارت میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا انعقادبھی خطرے میں پڑ گیا ۔ ہیتھرو ایئرپورٹ انتظامیہ نے بھارت سے اضافی پروازوں کی اجازت دینے سے انکار کردیا ۔ نیپال میں18 برس سے زیادہ عمر کے لوگوں کیلئے روسی ویکسین سپوتنک وی کے ایمرجنسی استعمال کی مشروط اجازت دیدی گئی۔سعودی عرب نے 17 مئی سے بین الاقوامی پروازیں بحال کرنے کا اعلان کردیا تاہم پاکستان سمیت 20 ممالک پر پابندی برقرار رکھی ہے ۔ برلن میں ہزاروں مظاہرین نے نئے کورونا قانون کیخلاف مظاہرہ کیا۔ مظاہرین اور سکیورٹی فورسزکے مابین تصادم بھی ہوا۔ ڈیڑھ سو مظاہرین گرفتار کر لیے گئے ۔