اسلام آباد،لاہور ،کراچی ، واشنگٹن ( سپیشل رپورٹر ،جنرل رپورٹر ، سٹاف رپورٹر ، 92 نیوزرپورٹ ، نیوزایجنسیاں) کوروناوائرس کے باعث ملک بھر میں مزید 7مریض انتقال کر گئے جبکہ 353نئے کیس رپورٹ ہوئے ۔ این سی او سی کے مطابق مجموعی اموات 28905،مصدقہ کیس 1293081جبکہ فعال کیس9763ہو گئے ۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 48148 ٹیسٹ کیے گئے ، مثبت کیسز کی شرح 0.73 فیصد ر ہی ۔ گذشتہ روز کوروناویکسین کی13لاکھ85ہزار خوراکیں لگائی گئیں، ابتک 145453360خوراکیں لگائی جاچکیں۔ اومیکرون کراچی کے بعد اسلام آبادبھی پہنچ گیا،قومی ادارہ صحت کے ذرائع کے مطابق اسلام آباد کے ایک شہری میں اومیکرون کی تشخیص ہو ئی ہے ، مریض کی حالت خطرے سے باہرہے ،مریض کی صرف کراچی کی ٹریول ہسٹری ہے ، بیرون ملک کی کوئی ٹریول ہسٹری نہیں ۔ اومیکرون کیس سامنے آنے کے بعد کنٹیکٹ ٹریسنگ جاری ہے ۔بلوچستان میں اومیکرون کے 12 مشتبہ کیسز کی رپورٹ منفی آگئی۔ پنجاب میں58 نئے کیس سامنے آئے ،لاہور 38، راولپنڈی 7 جبکہ فیصل آباد سے 3 کیس رپورٹ ہوئے ۔محکمہ داخلہ سندھ کی نئی ہدایات کے مطابق صوبے بھرمیں صرف ویکسی نیٹڈ افراد کو ہی تقریبات میں شرکت کی اجازت ہوگی۔امریکہ نے کرسمس پر پاکستان کوفائزر ویکسین کی اضافی 50 لاکھ خوراکیں عطیہ کی ہیں۔امریکی سفارتخانے کے مطابق ویکسین کا یہ عطیہ جلد پہنچنے کی توقع ہے ۔ادھر دنیا بھر میں کورونا متاثرین 27.95کروڑ جبکہ ہلاکتیں54.12لاکھ سے بڑھ گئیں۔امریکہ نے جنوبی افریقہ کے کئی ممالک پر عائدسفری پابندیاں 31 دسمبرسے ہٹانے کا اعلان کیا ہے ۔