لاہور؍اسلام آباد؍ ڈیرہ غازی خان؍ گوجرانوالہ؍ بہاولپور(جنرل رپورٹر؍وقائع نگار؍ ڈسٹرکٹ رپورٹرز؍ نامہ نگار) کورونا سے مزید 12 افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ 847 نئے کیسز کے ساتھ مریضوں کی تعداد 3.27لاکھ تک پہنچ گئی ہے ،3.10لاکھ مریض صحت یاب ہوچکے ہیں، ملک بھر میں مجموعی اموات 6727 ہوگئی ہیں۔ پنجاب میں 214 نئے کیس سامنے آئے ہیں۔ بہاول پور میں مریضوں کی تعداد 50 تک پہنچ گئی، گوجرانوالہ میں 20 نئے مریض سامنے آگئے ۔ڈیرہ غازی خان میں اٹامک انرجی کمیشن سے ریٹائرڈ ڈاکٹر احسان کریم کورونا کے باعث چل بسے ۔ایڈیشنل آئی جی سندھ غلام نبی میمن میں کوروناکی تصدیق ہوگئی۔لاہورشہر کے چار علاقے ہائی رسک قرار دے دیئے گئے ۔ سرکاری رپورٹ کے مطابق داتا گنج بخش ٹاؤن میں سب سے زیادہ 384 اموات ہوئیں، دوسرے نمبر پر اقبال ٹائون میں 196 اموات، تیسرے نمبر پر گلبرگ 104، چوتھے نمبر پر کینٹ میں 86 اموات ہوئیں،پانچویں نمبر پر نشتر ٹائون رہا جہاں 60 اموات واقع ہوئیں۔ذرائع کے مطابق ہائی رسک علاقوں میں داتا گنج بخش ٹائون، علامہ اقبال ٹائون، کینٹ اور گلبرگ شامل ہیں۔ ہلال احمر پنجاب کی جانب سے جناح ہسپتال لاہور میں ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل سٹاف کیلئے حفاظتی سامان تقسیم کیا گیا۔ادھر دنیابھر میں فعال کیسز ایک بار پھر کروڑ تک پہنچ گئے ہیں جبکہ ہلاکتیں 11.55لاکھ ہوگئی ہیں۔امریکہ میں گزشتہ روز 902، بھارت میں 634 افراد لقمہ اجل بنے ۔ایک روز میں 84 ہزار مریض سامنے آنے پر امریکی سرجن جنرل نے تشویش کا اظہار کیا ہے ۔الجزائر کے صدرعبدالمجید تبون کورنا کا شکار ہو گئے ۔تینوں بالٹک ریاستوں ایسٹونیا، لیٹویا اور لتھوانیا کے وزرائے خارجہ کورونا کے ٹیسٹ پازیٹو آنے کے بعد قرنطینہ میں چلے گئے ۔ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای نے کوروناکیسز پر قابو پانے کیلئے سخت اقدامات کی ہدایت کی ہے ۔عالمی ادارہ صحت نے تمام ممالک پر زور دیا کہ کوروناکی روک تھام کے لئے فوری اقدامات کریں ۔عالمی ادارے کے ڈائریکٹر جنرل ٹیڈروس ایڈاہانوم گیبریسس نے میڈیا بریفنگ کے دوران کہا کہ اس وقت دنیا وبائی صورتحال کے اہم مرحلے میں ہے ،آئندہ چند ماہ انتہائی مشکل ہو سکتے ہیں جبکہ چند ممالک میں صورتحال خطرناک ہے ۔انہوں نے چند ممالک میں بڑھتے کیسز کو تشویشناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان ممالک میں طبی اداروں کو شدید دبائو کا سامنا ہے ۔