لاہور؍ اسلام آباد؍ پاکپتن(جنرل رپورٹر؍ لیڈی رپورٹر؍ خبرنگار خصوصی؍ ڈسٹرکٹ رپورٹر)کورونا سے ڈاکٹر سمیت مزید 83 افراد چل بسے جس کے بعد اموات کی تعداد 4922 ہوگئی جبکہ 2980 نئے کیسز سامنے آنے کے بعد مریضوں کی مجموعی تعداد 2لاکھ 37 ہزار سے زائد ہوگئی۔پنجاب میں 930 نئے کیس سامنے آئے ۔ملک بھر میں 2236 مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے ۔ پنجاب میں مریضوں کی تعداد 83 ہزار، سندھ میں 97 ہزار، خیبرپختونخوا میں 28 ہزار، بلوچستان میں 10 ہزار سے زائد ہوگئی ہے ۔خیبر پختونخوا میں ایک اور ڈاکٹر فیصل قریشی کورونا سے شہید ہوگئے ۔وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے صاحبزادے ،پارلیمانی سیکرٹری زین قریشی کا کورونا ٹیسٹ پازیٹو آ گیا ۔عارف والا کے نجی بینک کے ملازم میں وائرس کی تصدیق ہوگئی۔ ادھر دنیابھر میں مریضوں کی تعداد ایک کروڑ 20 لاکھ سے زائد ہوگئی ہے جبکہ ہلاکتیں ساڑھے پانچ لاکھ تک پہنچ گئی ہیں۔ امریکہ میں مریض 31لاکھ سے بڑھ گئے ہیں۔گزشتہ روز برازیل میں 1200، امریکہ میں 900 سے زائد افراد ہلاک ہوئے ۔امریکی ریاست ٹیکساس کے ڈیپارٹمنٹ آف کریمنل جسٹس نے بتایاہے کہ کورونا کی وجہ سے کم از کم 84 قیدی اور 9 جیلوں کے گارڈز ہلاک ہو چکے ہیں۔آسٹریلوی شہر میلبورن میں 6 ہفتوں کے لئے دوبارہ لاک ڈائون نافذ کردیاگیا۔کولمبیا میں لاک ڈاؤن میں یکم اگست تک کی توسیع کردی گئی۔سربیا کے دارالحکومت بلغراد میں کورونا کیسز میں اضافے کے پیش نظر کرفیو کے نفاذ پر شہریوں نے شدید احتجاج کیا اور پارلیمنٹ پر چڑھائی کردی، جھڑپوں میں متعدد افراد زخمی ہوگئے ۔برطانوی حکومت نے ملکی معیشت کی بحالی کیلئے 37 ارب ڈالر کے پیکیج کا اعلان کردیا، ملازمین کو نہ نکالنے والی کمپنیوں کو بونس دیئے جائیں گے ، تمام لوگ ریستورانوں سے رعایتی نرخوں پر کھانا گھاسکیں گے ۔3 ماہ کے بعد برطانیہ میں نیشنل گیلری دوبارہ کھلنے کے لئے تیار ہے ۔ لاہور(اپنے سٹاف رپورٹر سے ؍ کرائم رپورٹر)لاہور کے 7 نئے علاقوں کو سیل کرنے کی حتمی منظوری نہ ملنے پر لاک ڈاؤن کے فیصلے کو ایک روز کے لئے موخر کر دیا گیا۔اس حوالے سے ذرائع نے بتایا کہ علاقوں کو سیل کرنے کے حوالے سے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے سفارشات بھجوا دی گئی تھیں جس کے بعد محکمہ داخلہ اور صحت نے سمری وزیر ا علیٰ پنجاب کو بھجوائی تھی جس پر دستخط نہ ہوسکے جس کے باعث لاک ڈاؤن فیصلہ ایک روز کیلئے موخر کر دیاگیا ۔واضح رہے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے کوروناکیسز کی تعداد رپورٹ ہونے پر لاہور کے 7 علاقوں میں لاک ڈاؤن کافیصلہ کیا تھا، ان علاقوں میں ٹائون شب اے ٹو بلاک، ڈی ایچ اے ای ایم ای سوسائٹی (مکمل)، واپڈا ٹاون (مکمل)، جوہر ٹائون سی بلاک، چونگی امر سدھو مین بازار اور ملحقہ آبادی، پنجاب گورنمنٹ سکیم اور گرین سٹی شامل ہیں۔ڈی آئی جی آپریشنز اشفاق خان نے کہا ہے کہ 7 نئے ہاٹ سپاٹ پوائنٹس پر سمارٹ لاک ڈاؤن کیلئے سکیورٹی اقدامات کئے جا رہے ہیں، پولیس کے 15سو سے زائدپولیس افسران و جوان سکیورٹی ڈیوٹی کے فرائض سرانجام دیں گے ۔