اسلا م آباد ،لاہور،کراچی(رپورٹنگ ٹیم، نیوز ایجنسیاں،مانیٹرنگ ڈیسک) کورونا کی مہلک وباسے پاکستان میں مزید4افرادجاں بحق ہوگئے اور اموات کی مجموعی تعداد30359ہوگئی ۔وزارت قومی صحت کے مطابق گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران 29315کورونا ٹیسٹ کئے گئے ۔ ملک میں (باقی صفحہ 5نمبر)کورونا مثبت کیسز کی شرح 0.61فیصد رہی، کورونا کے 180نئے مریض رپورٹ ہوئے اور فعال کیس 8690ہو گئے ،403مریضوں کی حالت تشویشناک ہے جبکہ مزید189مریض مکمل صحتیاب ہو گئے ۔قبل ازیں این سی اوسی کے آپریشن کو این آئی ایچ منتقل کر دیا گیا ،جہاں اس سلسلہ میں پہلا وافتتاحی اجلاس ہوا۔علاوہ ازیں سول ایوی ایشن اتھارٹی نے اندرون ملک دوران پرواز فیس ماسک پہننے کی شرط ختم کردی ۔سول ایوی ایشن اتھارٹی کی جاری کردہ نئی ٹریول ایڈوائزری میں مزید بتایا گیا کہ 12سال سے اوپر ویکسینیٹڈ مسافر اندرون ملک فضائی سفرکرسکیں گے جبکہ 12سال سے کم عمرمسافر بغیرویکسین سرٹیفکیٹ سفر کرسکیں گے ۔سیکرٹری محکمہ پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کیئر عمران سکندر بلوچ کے مطابق پنجاب میں کورونا کے 51نئے کیس سامنے آگئے اور لاہور سے مزید ایک ہلاکت رپورٹ ہوئی۔ لاہور سے کورونا کے مزید26،فیصل آباد سے 7جبکہ راولپنڈی سے 5 کیس رپورٹ ہوئے ۔ دنیا بھرمیں ہلاکتیں 61لاکھ 70ہزارسے زائد ہو گئیں۔چین کے تجارتی مرکز اور2کروڑ 60 لاکھ آبادی والے شہر شنگھائی میں ایک دن میں 4 ہزار 144 کورونا کیس رپورٹ ہوئے ۔ کورونا مریضوں کی تعداد میں مزید اضافہ پر حکومت نے شنگھائی میں لاک ڈائون کو مزیدسخت کر دیا جس سے وہاں زندگی دوبارہ رک گئی۔حکومت نے ہدایت کی ہے کہ لوگ گھر میں رہیں، غیر ضروری باہر جانے سے گریز کریں اور کوڑا کرکٹ کو ٹھکانے لگانے کیلئے بھی اپنی دہلیز کو عبور نہ کریں۔ شہر کی پبلک ٹرانسپورٹ معطل اور فیکٹریاں بند رہیں گی جبکہ دفتری امور گھر سے انجام دیئے جائیں گے ۔ادھرملائیشیا نے 2 سال بعد غیر ملکی سیاحوں کی آمد پر پابندی ختم کردی اور قرنطینہ کی شرط کے بغیر سیاحت کی اجازت دیدی ،مسافروں کو روانگی سے 48گھنٹوں کے اندر کرائے گئے پی سی آر ٹیسٹ کی منفی رپورٹ دکھانی ہوگی۔سرحدیں دوبارہ کھلنے سے نہ صرف فیملیز اور دوست دوبارہ آپس میں آزادی سے مل سکیں گے بلکہ ملک میں درکار غیر ملکی مزدوروں کی کمی پر بھی قابو پایا جاسکے گا۔