اسلام آباد(سپیشل رپورٹر؍92 نیوز رپورٹ)پاکستان نے بھارت میں کوروناکی بگڑتی صورتحال پر تعاون کی پیشکش کردی۔ترجمان دفترخارجہ کے مطابق مددکی پیشکش جذبہ خیرسگالی کے تحت کی گئی،پاکستان بھارت کووینٹی لیٹرز،ہائی پیپ فراہم کرنے کوتیارہے ،بھارت کوڈیجیٹل ایکسرے مشینیں،حفاظتی لباس،دیگرآلات کی پیشکش بھی کی ہے ،پاکستانی اوربھارتی حکام امدادکی جلدفراہمی کیلئے امورطے کرسکتے ہیں،حکام وباسے درپیش چیلنجزسے نمٹنے کیلئے مزیدتعاون کے طریقہ کارکابھی جائزہ لیں گے ۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اپنے ٹویٹ میں کہا ہے کہ کورونا وائرس کی بڑھتی ہوئی لہر کے پیش نظر ہمسایہ ملک کو جذبہ خیر سگالی کے تحت مدد کی پیشکش کرتے ہیں۔شاہ محمود قریشی نے کہا ہمسایہ ملک کو وینٹی لیٹر، بی آئی پی اے پی، ڈیجیٹل ایکسرے مشین، پی پی ای اور دیگر متعلقہ اشیاء دینے کے لئے تیار ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم سب پہلے انسانیت پر یقین رکھتے ہیں۔شاہ محمود نے کہا دفترخارجہ میں بھارتی ہائی کمشنر کو بلایا گیا، بھارتی ہائی کمشنرکو انسانی ہمدردی کی بنیاد پر مدد کی پیشکش کی گئی اور ان کو کہا کہ اپنی حکومت سے پوچھ کرہماری پیشکش پرجواب دیں۔اس سے قبل وفاقی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا تھا کہ کورونا کی موجودہ لہر کے تناظر میں بھارتی عوام کی مکمل حمایت کرتے ہیں، کورونا لہر نے ہمارے خطے کو بری طرح سے متاثر کیا، پاکستانی عوام کی طرف سے بھارت کے متاثرہ خاندانوں سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں۔شاہ محمود قریشی نے کہا کورونا اس بات کی ایک بار پھر یاد دہانی کراتا ہے کہ انسانی ایشوز پر ردعمل سیاست سے ہٹ کر ہونا چاہئے ، پاکستان اس وباء سے نمٹنے کیلئے سارک ممالک سے تعاون کے لئے کام کرتا رہے گا۔علاوہ ازیں وزیراعظم عمران خان نے بھارتی عوام سے یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمیں اس وبا کا باہم مل کر مقابلہ کرنا چاہئے ۔اپنے ٹویٹ میں انہوں نے کہا ہم اپنے ہمسایوں سمیت دنیا بھر میں وباء کی زد میں آنے والوں کی جلد شفایابی کیلئے دعاگو ہیں، انسانیت پر حملہ آور اس آفت کا ہمیں باہم مل کر مقابلہ کرنا چاہئے ۔وزیر اعظم نے ایک اورٹویٹ میں کہا ہے کہ اللہ کا شکر ہے کہ روشن ڈیجیٹل اکائونٹ میں موصول ہونے والے فنڈز ایک ارب ڈالر سے تجاوز کرگئے ، اپنے پاکستانی تارکین وطن کا شکر گزار ہوں کہ جنہوں نے بڑھ چڑھ کر ردعمل دیا اورساتھ ساتھ سٹیٹ بینک آف پاکستان اور دیگر بینکوں کی کاوشوں کو بھی سراہتا ہوں۔