پشاور،اسلام آباد (92 نیوز،سپیشل رپورٹر،وقائع نگار خصوصی) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ کورونا کیخلاف جنگ میں سارا ملک اپنے ڈاکٹرز کے پیچھے کھڑا ہے اورپاکستان میں وائرس کا دباؤ ابھی مزید بڑھے گا،اس صورتحال سے نمٹنے کیلئے اقداما ت کررہے ہیں۔گزشتہ روز پشاور کے حیات آباد میڈیکل کمپلیکس میں ڈاکٹرز سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ کورونا مریضوں کا علاج کرنیوالے طبی عملے کی حفاظت پر توجہ مرکوز ہے ۔ ڈاکٹرز کے تحفظ کو یقینی بناتے ہوئے ہر ممکن طبی سامان مہیا کرینگے ۔ وزیراعظم نے کورونا کے علاج اور مریضوں کو سہولیات کا جائزہ لیا۔وزیراعظم کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ احساس پروگرام کے تحت متاثرین کو امدادی رقوم کی منتقلی کے علاوہ صوبائی سطح پر بھی نقد امداد تقسیم کی جائیگی۔ اس موقع پر وفاقی وزیر اسد عمر، وزیر مملکت شہریار آفریدی، معاون خصوصی ڈاکٹر ثانیہ نشتر، گورنر خیبر پختونخوا شاہ فرمان ، وزیر اعلیٰ ٰمحمود خان اورصوبائی وزیر صحت موجود تھے ۔عمران خان نے احساس ایمرجنسی کیش پروگرام سنٹر کا بھی دورہ کیا اورامداد تقسیم،انتظامات کی کا جائزہ لیا۔ وزیر اعظم آفس کے ترجمان کے مطابق اسلام آباد میں عمران خان سے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ملاقات کی اور کورونا ریلیف فنڈ کیلئے وزارت خارجہ کے عملہ کی جانب سے ایک کروڑ ایک لاکھ بیاسی ہزار روپے کا چیک پیش کیا ۔وزیر اعظم سے مشیر پارلیمانی امور ڈاکٹر بابر اعوان نے بھی ملاقات کی اور موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا ۔دریں اثنا وزیر اعظم نے کورونا ریلیف ٹائیگرز فورس کی رجسٹریشن کی تاریخ میں 15 اپریل تک توسیع کردی ،ویڈیو پیغام میں کہاکہ اب تک ساڑھے 8 لاکھ افراد رجسٹرڈ ہو چکے ہیں۔وزیر اعظم نے کورونا پر فنڈجمع کرنے کی قومی مہم کیلئے خورشید عالم کو فوکل پرسن مقرر کردیا ،وہ بغیر معاوضہ اعزازی طور پر بطور خدمات سرانجام دینگے ۔تعزیتی پیغام میں وزیر اعظم نے وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کے بہنوئی سید مہدی شاہ کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا ، مرحوم کی روح کے ایصال ثواب اورسوگوارخاندان کیلئے صبرجمیل کی دعا کی۔