اسلام آباد،لاہور،کراچی ( وقائع نگار ،جنرل رپورٹر، نامہ نگار خصوصی ،92 نیوزرپورٹ) کورونا سے مزید79مریض انتقال کر گئے جبکہ 3980نئے کیسز رپورٹ ہوئے ، سول ایوی ایشن اتھارٹی نے یکم اکتوبر سے اندرون و بیرون ملک فضائی سفر کیلئے ویکسی نیشن سرٹیفکیٹ لازمی قرار دیدیا ،سندھ حکومت نے کورونا ویکسین نہ لگوانے والے افراد پر مزید پابندیاں عائد کردی ،فلپائن نے پاکستان سمیت 10 ممالک کیلئے سفری پابندی ختم کرنے کا فیصلہ کر لیا ،نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے اتوار کا دن خصوصی طور پر کورونا کی دوسری ڈوز لگوانے والوں کے لیے مقرر کر دیا ۔ این سی اوسی کے اعدادوشمار کے مطابق ملک میں کورونا کے کیسز کے مثبت آنے کی شرح6.21فیصد تک پہنچ گئی ، گذشتہ 24گھنٹوں کے دوران7لاکھ95ہزار افراد کو ویکسین کی پہلی خوراک جبکہ 4لاکھ28ہزار افراد کو دوسری خوراک لگائی گئی ،این سی او سی نے ٹویٹر پر اپنے پیغام میں لکھا کہ وہ تمام افراد جن کی دوسری ڈوز کا مقرر وقت ہو چکا ہے وہ میسج کا انتظار کیے بغیر ویکسین لگوائیں ۔ سیکرٹری ہیلتھ پنجاب کا کہنا ہے کہ صوبے میں مثبت کیسز کی شرح 7 اعشاریہ 6 فیصد ریکارڈ کی گئی۔ لاہور میں شرح 11 فیصد ، راولپنڈی میں 6 اعشاریہ 5 فیصدر ریکارڈ کی گئی۔گزشتہ روز لاہور میں 12 اموات رپورٹ ہوئی ، لاہور 708 ، راولپنڈی 251 کیسز رپورٹ ہوئے ،عمران سکندر نے کہا کہ ویکسی نیشن کے مقرر کردہ اہداف حاصل کرنے کیلئے تمام محکموں، سیکٹرز کو مختلف تاریخیں تفویض کی گئی ہیں ۔ ایڈیشنل سیشن جج ندیم انصاری کا سٹینو گرافر کورونا کوشکار ہوگیا ۔ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر ڈیپارٹمنٹ نے 15 شہروں میں سرکاری،پرائیوٹ میڈیکل کالجز، یونیورسٹی، ڈینٹل کالجز، نرسنگ سکولز کو 12 ستمبر تک بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ سول ایوی ایشن اتھارٹی نے ویکسی نیشن سرٹیفکیٹ رکھنے سے متعلق ہدایت نامہ جاری کردیا جس میں کہا گیا ہے کہ 17 سال سے کم عمر افراد اور مریضوں کو ویکسی نیشن سرٹیفکیٹ سے استثنیٰ ہوگا ، پی ایس سی کا ایجوکیشن میل اور فی میل کا آج ہونے والا پیپر منسوخ کر دیا ، سندھ حکومت نے ویکسین نہ لگوانے والوں پر شاپنگ مال، شادی ہال اور تعلیمی اداروں میں داخلے پر پابندی عائد کردی۔ ویکسین کی ایک ڈوز لگوانے والوں پر پابندی نہیں ہوگی ، 15 ستمبر کے بعد بغیر ویکسی نیشن ٹرین پر سفر، پبلک ٹرانسپورٹ چلانے اور سفر کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔فلپائن نے پاکستان، بھارت، عرب امارات سمیت 10 ممالک کے مسافروں پر کورونا کے پیش نظر عائد پابندی 6ستمبر سے ختم کرنے کا اعلان کیا ہے ۔