اسلا م آباد ،لاہور،راولپنڈی،ملتان،فیصل آباد، کراچی،پشاور،کوئٹہ ،واشنگٹن (رپورٹنگ ٹیم، نمائندگان، 92نیوزرپورٹ، نیوزایجنسیاں،مانیٹرنگ ڈیسک) کورونا کی مہلک وبا سے پاکستان میں مزید40افراد جاں بحق ہو گئے اور اموات کی تعداد8025ہو گئی۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کے مطابق گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران ملک میں کورونا کے 2839نئے مریض رپورٹ ہوئے اور کل تعداد398024ہوگئی جبکہ فعال کیسز کی تعداد48576ہو گئی،2046مریضوں کی حالت تشویشناک ہے اور341423صحتیاب ہو چکے ۔ اموات کے اعتبار سے پنجاب پہلے جبکہ سندھ دوسرے نمبر پر ہے ۔وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر کی زیر صدارت این سی او سی کے اجلاس میں کورونا کی دوسری لہر سے متعلق بریفنگ دی گئی جبکہ ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنانے کیلئے حکمت عملی کا جائزہ لیا گیا ۔متاثرہ علاقوں میں سمارٹ اور مائکرو لاک ڈاؤن کی تفصیلات بھی پیش کی گئیں۔ بتایا گیا کہ ملک بھر میں 5 ہزار 82 مقامات پر سمارٹ لاک ڈائون ہے ۔ ذرائع کے مطابق کورونا کیسز میں اضافے کے پیش نظر وزارت قومی صحت نے اسلام آباد میں مزید آئسولیشن مراکز قائم کرنے کا فیصلہ کر لیا جبکہ وزیر اعظم کو ایک مراسلہ بھیج کر ساڑھے 59 کروڑ روپے کے اضافی فنڈز مانگ لئے ہیں۔ نئے مراکز میں 150 اضافی بستر ہونگے ۔ دریں اثنا ایم کیو ایم کے سابق رکن سندھ اسمبلی و ممبررابطہ کمیٹی اورسابق صوبائی وزیرعادل صدیقی کورونا کے باعث انتقال کرگئے ،انکی عمر57برس تھی۔عادل صدیقی 2016سے دبئی میں خودساختہ جلاوطنی کاٹ رہے تھے اور چند روز قبل ہی وطن واپس آئے تھے ۔ متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے رہنمائوں خالد مقبول صدیقی، عامر خان، فیصل سبزواری اور دیگر نے افسوس کا اظہار کیا۔ کورونا میں مبتلا سینئر بیوروکریٹ حسن وسیم افضل بھی انتقال کر گئے ۔ پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس سے تعلق رکھنے والے حسن وسیم افضل سیکرٹری داخلہ پنجاب،ایڈیشنل چیف سیکرٹری پنجاب، پرنسپل سیکرٹری ٹو گورنر،ڈپٹی چیئرمین نیب اور وزیر اعظم سیکرٹریٹ میں اہم عہدوں پر تعینات رہے ۔ شیخ زایدہسپتال کے پروفیسر آف میڈیسن ڈاکٹرضیا بھی کوروناسے انتقال کرگئے ،وہ چند رو سے تشویشناک حالت میں نجی ہسپتال میں زیر علاج تھے ۔وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے کورونا پر تعلیمی اداروں کی بندش سے متعلق ٹویٹ میں کہا کہ مدارس بھی حکومتی فیصلے کی پابندی کرینگے ۔تاہم مساجد پر این سی او سی کی جانب سے کوئی پابندی نہیں لگائی گئی۔ لہٰذا مساجد میں قرآن کریم اور حدیث کا درس معمول کے مطابق ہوگا۔ ترجمان پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کیئر پنجاب کے مطابق صوبہ میں مزید12مریضوں کی جان چلی گئی جبکہ524نئے کیس سامنے آگئے ۔ لاہور میں 31،راولپنڈی43،فیصل آباد 16اور ساہیوال میں 7کیسز رپورٹ ہوئے ۔ ذرائع محکمہ صحت کے مطابق لاہور سمیت پنجاب بھر میں کورونا کی دوسری لہر میں شدت آنے سے ہسپتالوں میں مریض کی تعداد میں زبردست اضافہ ہو گیا، آئی سی یوز میں 139 مریض وینٹی لیٹرز پر ہیں۔ لاہور میں 52 مریض وینٹی لیٹرز پر زندگی کی جنگ لڑ رہے ہیں۔ متاثرہ مر یضوں میں غیر معمولی اضافہ پر راولپنڈی کے مز ید 12علاقوں میں سمارٹ لاک ڈا ؤن کا اعلان کر دیا گیا۔فیصل آباد کے 4 علاقوں میں سمارٹ لاک ڈائون نافذ کردیا گیا۔ کورونا کے باعث لاہور میں گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ کالج سمن آباد کو 7 روز کیلئے سیل کر دیا گیا۔ گورنمنٹ کالج برائے خواتین اسلام پورہ کے عملہ میں بھی کورنا کی تصدیق ہوئی جس پر اساتذہ اور دیگر سٹاف میں خوف وہراس بڑھ گیا۔ڈیرہ اسماعیل خان میں گورنمنٹ گرلز ہائر سیکنڈری سکول نمبر 4 کو 12 ٹیچرز میں کورونا کی تشخیص پر 5 روز کیلئے بند کردیاگیا۔ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے بیان میں کہا کہ صوبہ میں مزید 11 مریض انتقال کرگئے ۔دنیا بھر میں ہلاکتیں14لاکھ70ہزارسے زائدہوگئیں۔ برطانوی وزیر خارجہ ڈومینیک راب نے پابندیاں درست توازن کیساتھ نہ لگنے پر برطانیہ میں کورونا کی تیسری لہر کا خدشہ ظاہر کر دیا ۔تھینکس گیونگ ہالیڈے کے بعد امریکہ میں کیسز میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ۔ تاہم نیویارک کے میئر نے 7 دسمبر سے سرکاری سکول کھولنے کا اعلان کر دیا ۔عالمی ادارہ صحت کے مطابق کورونا کی عالمی وبا کی وجہ سے اس سال ملیریا کے باعث بھی ایک لاکھ تک اضافی انسانی ہلاکتوں کا خدشہ ہے ۔