اسلا م آباد ،لاہور،کراچی،حیدرآباد(رپورٹنگ ٹیم،نیوزایجنسیاں،مانیٹرنگ ڈیسک) کورونا کی مہلک وبانے پاکستان میں مزید5 افرادکی جان لے لی۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کے مطابق گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران ملک میں کورونا مثبت کیسز کی شرح 2.32فیصد رہی،1085نئے مریض رپورٹ ہوئے ،636مریضوں کی حالت تشویشناک ہے ۔ ابتک 72995114افراد کو مکمل ویکسین لگائی جاچکی۔صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی دوبارہ کورونا میں مبتلا ہوگئے ۔صدر نے ٹویٹ میں کہا کہ میرا کورونا ٹیسٹ دوبارہ مثبت آیااور جب میں بیمار ہوتا ہوں تو وہی(اللہ تعالیٰ) شفا دیتا ہے ۔4،5 دن سے گلا خراب مگر بہتر ہورہا تھا،2 رات قبل چند گھنٹے کیلئے معمولی سا بخار ہوا ۔میرے دوست احتیاط اور ایس او پیز پر عمل کریں۔ پنجاب میں اومیکرون کیسز میں تیزی آنے لگی اور مزید 43 افراد میں اسکی تصدیق ہو گئی اور تعداد 217 ہو گئی۔لاہور سے سب سے زیادہ 42 نئے اومیکرون مریض رپورٹ ہوئے اور تعداد 211 ہو گئی ۔موسم کی سختی کے باوجود محکمہ پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کیئر پنجاب کی ریچ ایوری ڈور مہم کے دوران 23 ملین سے زائد افراد کو ویکسین لگائی جا چکی ۔ این سی او سی اور عالمی ادارہ صحت نے حکومت پنجاب کی مہم کی کامیابی پر خصوصی مبارک باد بھی دی ۔ محکمہ صحت کی جانب سے بتایا گیا کہ اومیکرون میں مبتلا وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد کی طبیعت خطرے سے باہر ہے ۔ تمام مثبت کیسز میں90 فیصد سے زائد اومیکرون کی تصدیق ہو رہی ہے ۔چیئرمین کورونا ایکسپرٹ ایڈوائزری گروپ پروفیسر محمود شوکت نے امیکرون کے حوالے سے پریس کانفرنس میں کہا کہ کورونا کی پانچویں لہر میں عوام پر بہت زیادہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے ۔ادھربیرون ملک سے کراچی آنیوالے 21 مسافر کورونا میں مبتلا نکلے ، 18 سعودی عرب اور 3 برطانیہ سے پہنچے ،تمام کوقرنطینہ بھجوا دیا گیا ۔ کراچی میں کورونا کی شرح 9.23فیصد ہو گئی ۔حیدرآباد میں میڈیا سے گفتگو میں وزیر صحت سندھ عذرا فضل پیچوہو نے کہا کہ کراچی میں ابتک اومیکرون کے 170 کیس رپورٹ ہوچکے اور یہ تیزی سے پھیل رہا ہے ۔ اگلے چند ماہ میں اومیکرون کیسز ہزاروں میں پہنچ جائینگے ۔ذرائع کے مطابق سندھ میں کورونا کی پانچویں لہر پر سخت پابندیوں کا امکان ہے ۔سندھ بھر میں کاروباری اوقات کار صبح 6 سے شام 5 بجے کرنے اور ہفتے میں3 دن جمعہ، ہفتہ اور اتوار مکمل کاروبار بند رکھنے ، سرکاری و پرائیویٹ سکولز میں پہلی جماعت سے پانچویں جماعت ہفتے میں 2 دن اور جماعت 6 سے 8 ہفتے میں 3 دن کلاسزز کیساتھ کھلے رکھنے کی تجاویز دی گئی ہیں جبکہ نہم تا بارہویں کی کلاسز پیر سے جمعہ5 دن جاری رکھی جائینگی۔ حتمی فیصلہ وزیراعلیٰ سندھ کی زیر صدارت آج کورونا ٹاسک فورس کے اجلاس میں ہوگا۔دنیا بھرمیں ہلاکتیں54لاکھ88ہزارسے زائد ہو گئیں۔اومیکرون کے باعث ہزاروں پروازوں کی منسوخی اور پابندیوں کا سلسلہ جاری ہے ۔فلپائنی صدر روڈریگو ڈوٹرٹے نے ویکسین نہ لگوانے والے افراد کو گھر سے باہر نکلنے پر گرفتار کرنیکا حکم دیدیا۔ بھارت میں اومیکرون پر مہاراشٹرا میں آئندہ ماہ ہونیوالے انتخابات کی ریلیاں منسوخ کردی گئیں، کرفیو اور وبا پر سیاسی جماعتوں نے اپنی انتخابی مہم روک دی ۔برطانیہ نے ملک میں داخلے سے پہلے پی سی آر ٹیسٹ کی شرط ختم کردی۔مسافروں کوبرطانیہ پہنچنے کے بعد کم قیمت لیٹرل فلو ٹیسٹ کا رزلٹ آنے تک خود کو قرنطینہ کرنے کی شرط بھی ہٹا دی گئی۔ امریکہ میں اومیکرون کے پھیلائو کے بعد موسیقی کیلئے دنیا کے اعلیٰ ترین گریمی ایوارڈز کی تقریب کو نامعلوم مدت تک ملتوی کردیا گیا۔فرانسیسی پارلیمنٹ نے کوروناکی روک تھام کیلئے متعدد نئے اقدامات کی منظوری دیدی۔سعودی عرب نے کورونا کا شکار ویکسین شدہ افراد کے قرنطینہ کی مدت 7 دن کردی، تاہم کورونا کا شکار غیر ویکسینیٹڈ افراد کو 10 دن قرنطینہ کرنا ہوگا۔