لاہور،اسلام آباد(سٹاف رپورٹر ، نیوز ایجنسیاں ) امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ وزیراعظم کی صبح و شام کی دوڑ دھوپ اپنی حکومت اور پارٹی کو بچانے کیلئے ہے ، عوام کو ریلیف دینے کیلئے نہیں ۔ مسائل کی دلدل سے نکلنے کیلئے کچھ وزارتیں اورچند گھوڑے نہیں بلکہ پورا نظام اور اصطبل بدلنے کی ضرورت ہے ۔ 2020 ء خوشخبریوں کا نہیں بلکہ روٹھوں کو منانے اور غریب عوام کے امتحان کا سال لگ رہا ہے ۔گزشتہ روز پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہاکہ یہ لوگ ووٹ کے ذریعے نہیں آئے بلکہ لائے گئے ہیں ، یہی وجہ ہے کہ حکومت ڈلیور نہیں کر پا رہی ۔ جھوٹ اور دھوکے کی بنیاد پر مسلط کی گئی حکومت کی ناکامیاں ، آپس میں لڑائیاں اور بحران سب پر واضح ہیں ۔ حکومت اپنے وجود کو برقرار رکھنے کیلئے ہاتھ پاؤں مار رہی ہے ، اس میں یہ اہلیت ہی نہیں کہ وہ عوام کا کوئی مسئلہ حل کر سکے ۔وزیراعظم کا دورہ لاہور اور کراچی لاہوریوں یا سندھیوں کیلئے نہیں ،حکومت کی گرتی ہوئی دیواروں کو بچانے کیلئے ہے ۔ وزیراعظم کراچی مہینے میں دو تین بار اپنے لوگوں کو منانے کیلئے جاتے ہیں ۔ پشاور جاتے ہیں تو اپنی پارٹی کو برقرار رکھنے کیلئے جاتے ہیں ۔ عوام تو مہنگائی کے ہاتھوں چیخ اور مر رہے ہیں لیکن حکومت اندھی بہری اور گونگی ہے ، اس پر عوام کی چیخ و پکار کا کوئی اثر نہیں ہورہا۔حکومت کا جہاز مختلف پرزے جوڑ کر بنایا گیا جو اڑ نہیں سکتا ۔ حکومتی گاڑی ایک جگہ کھڑی تیل کھا اور دھواں چھوڑ رہی ہے مگر فاصلہ طے نہیں ہورہا ۔ عوام پر زبردستی مسلط کردہ حکومت کو زیادہ عرصہ قائم رکھنا ممکن نہیں ۔ مقبوضہ کشمیر کی آزادی کیلئے حکومت تقریروں اور بیانات سے ڈنگ ٹپاؤ پالیسی پر گامزن ہے ۔ ہم 5 فروری کو اسلا م آباد سمیت ملک بھر میں کشمیریوں کیساتھ اظہار یکجہتی کے شاندار عوامی مظاہرے کرینگے ۔