اسلام آباد (خبرنگار)عدالت عظمیٰ نے ایک اور زائد المیعاد اپیل پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے خیبر پختونخوا حکومت سے وضاحت طلب کر لی ہے ۔ سپریم کورٹ میں باجوڑ پبلک سکول کے ملازمین کو سرکاری ملازمین کے برابر مراعات دینے کے فیصلے کے خلاف کے پی کے حکومت کی اپیل پر چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ ہر کیس کی طرح یہ اپیل 122 دن تاخیر سے دائر کی گئی ہے ، کے پی کے حکومت پر 10 ارب کی تلوار لٹک رہی ہے مگر کیس میں معاونت نہیں مل رہی۔ چیف جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی، دوران سماعت وکیل کے پی کے نے کہا اگر پشاور ہائیکورٹ کا یہ فیصلہ برقرار رہا تو دیگر ایجنسیوں کے ملازمین بھی آ جائیں گے یہ تمام تقرریاں پولیٹیکل ایجنٹ نے اپنے فنڈ سے کی تھیں۔ چیف جسٹس نے کہا جو لوگ تاخیر سے اپیلیں دائر کرتے ہیں ان کے خلاف کچھ بھی نہیں ہوتا ، اس کیس میں بھی تاخیر کی وجہ بتانا ہوگی۔ چیف جسٹس نے کہا کہ کے پی کے حکومت کے بجٹ سے تو تنخواہیں بھی پوری نہیں ہوتی ہوں گی عدالت کے ہاتھ قانون سے بندھے ہیں،آئندہ کیس کی سنجیدگی سے تیاری کر کے آ ئیں۔دریں اثناسپریم کورٹ نے خیبرپختونخوا کے برطرف پی ٹی سی ٹیچرز کو تمام مراعات دینے کا خیبر پختونخوا سروسز ٹریبونل کا فیصلہ کالعدم کر دیا ہے ۔ دو رکنی بینچ نے فیصلہ کے خلاف صوبائی حکومت کی اپیل منظور کر کے حکم دیا کہ ملازمین کو صرف پنشن کے لیے ساری سروس کو کاؤنٹ کیا جائے گا، ملازمین کو پچھلی تاریخ سے بحالی کا کہہ کر تنخواہ نہیں دی جائے گی۔ وکیل درخواست گزار نے بتایا مئی 1995 میں مختلف اساتذہ کو بھرتی کیا ،1997 میں سیاسی قرار دے کر نکال دیا گیا۔ سرکاری وکیل نے کہا کہ سروس ٹریبونل نے تمام مالی فوائد دینے کا کہا ۔ جسٹس اعجاز الاحسن نے کہا اگر سروس ٹریبونل نے کہا تو غلط کیا۔ فاضل جج نے مزید ریمارکس دیئے کہ تنخواہ کام کرنے کی ہوتی ہے کام نہیں کیا تو تنخواہ کیسے دینے کا حکم دیں۔علاوہ ازیں سپریم کورٹ نے کوئٹہ میں یوٹیلیٹی سٹورز میں کرپشن کے ملزم عبدالستار کی درخواست ضمانت مسترد کردی۔ عدالت عظمیٰ نے ہدایت دیتے ہوئے قرار دیا کہ ایڈیشنل اٹارنی جنرل اس بات کو یقینی بنائیں کہ جیلوں میں قیدیوں کی کرونا وائرس کے خلاف بہتر سکریننگ ہو رہی ہے ۔ جسٹس قاضی امین نے ریمارکس دیئے کیا کرونا وائرس کی وجہ سے امریکہ یا اٹلی نے مجرموں کو رہا کیا ہے ؟ عدالتیں کسی پالیسی نہیں بلکہ قانون کے مطابق ملزمان کو ضمانت دیتی ہیں۔علاوہ ازیں سپریم کورٹ نے بوگس چیک دینے والے ملزم ہاشم فاروق بٹ کی ضمانت کی درخواست مسترد کردی۔جسٹس مشیر عالم نے کہا کہ ان حالات میں آپ ضمانت کیوں لینا چاہتے ہیں، کرونا سے بچنے کیلئے آپ کا موکل تو جیل میں رہ کر زیادہ محفوظ ہے ۔