اسلام آباد(وقائع نگار)رواں مالی سال ریڈی میڈ گارمنٹس کی برآمدات میں 4.6 فیصداضافہ ہوا۔ادارہ برائے شماریات کے اعدادوشمار کے مطابق جاری مالی سال کے ابتدائی چار ماہ میں جولائی تا اکتوبر 2020 کے دوران 11378 ہزار درجن تیار ملبوسات برآمدکرنے سے 947.41 ملین ڈالر زرمبادلہ کمایا گیا جبکہ گزشتہ مالی سال جولائی تا اکتوبر کے دوران20850 ہزار درجن ریڈی میڈ گارمنٹس کی برآمدات سے 905.24 ملین ڈالر زرمبادلہ کمایا گیا تھا۔ اس طرح گزشتہ مالی سال کے مقابلہ میں رواں مالی سال کے پہلے چار ماہ میں ریڈی میڈ گارمنٹس کی برآمدات میں 42.17 ملین ڈالر یعنی 4.6 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ۔ پی بی ایس کے مطابق نیٹ ویئرز کی برآمدات 12.30 فیصد اضافہ سے 1.053 ارب ڈالر کے مقابلہ میں 1.183 ارب ڈالر تک بڑھ گئیں۔ اسی طرح بیڈ ویئرز کی برآمدات بھی 9.95 فیصد تک بڑھی ہیں اور برآمدات کا حجم 899.55 ملین ڈالر تک پہنچ گیاجبکہ گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ میں بیڈ ویئرز کی برآمدات سے 818.12 ملین ڈالر زرمبادلہ کمایا گیا تھا۔