اسلام آباد ( خبر نگار خصوصی)مکہ مکرمہ میں ڈائریکٹر جنرل حج ڈاکٹر ساجد یوسفانی نے کہا ہے کہ عازمین کرام اگلے چند روز اپنی رہائش گاہوں میں ہی آرام کریں اور حج کے سخت ایّام کیلئے ذہنی و جسمانی طور پر تیار رہیں، اس سال منیٰ و مزدلفہ کی تنگ وادی اور عرفات کے خیموں میں بیک وقت25 لاکھ مسلمان قیام کریں گے ۔ عازمینِ کرام کے نام پیغام میں ڈاکٹر ساجد یوسفانی نے کہاکہ منیٰ روانگی سے قبل عازمینِ حج اپنی رہائش گاہوں میں بھرپور آرام کریں،نمازیں قریبی مساجد میں ہی ادا کریں، اس سال حج کے موقع پر گرمی عروج پر ہو گی، اسلئے مشکل سفر کیلئے ذہنی اور جسمانی طور پر تیار رہیں۔ ڈی جی حج نے عازمینِ کو ہدایت کی کہ مشاعر میں سعودی حکام ، مکاتب کے نمائندوں اور سبز سکارف پہنے پاکستانی معاونینِ حجاج کی ہدایات پر سختی سے عمل کریں۔ شدید رش اور بھیڑ کی صورت میں حواس پر قابو رکھیں اور دھکم پیل سے پرہیز کریں، دھوپ میں نکلتے وقت چھتری اور پانی ہمراہ رکھیں، رمی جمرات کیلئے خواتین اور ضعیف حجاج کرام اپنا وکیل مقرر کر لیں۔