اسلام آباد،لاہور،کراچی (نیوزرپورٹر،خبر نگار خصوصی، وقائع نگار ،،نامہ نگار ،92نیوز رپورٹ ،مانیٹرنگ ڈیسک ) پاکستان نے گستاخانہ خاکوں کی اشاعت پر فرانسیسی سفیر کو دفترخارجہ طلب کر کے شدید احتجاج کیا ،سینٹ ، قومی، کے پی کے ،بلوچستان اسمبلیوں میں مذمتی قراردادیں منظور کی گئیں،قومی اسمبلی کی قرارداد میں کہا گیا کہ اوآئی سی15مارچ کواسلاموفوبیاکیخلاف دن قراردے ، فرانسیسی اشیا کا بائیکاٹ کیا جائے ۔ تفصیلات کے مطابق ترجمان دفترخارجہ نے بتایا کہ وزارت خارجہ نے فرانسیسی سفیر کو شدید احتجاج ریکارڈ کرایا اور احتجاجی مراسلہ سپرد کیا،پاکستان نے اسلام کو دہشتگردی سے تشبیہ دینے کے بیانات کو گمراہ کن قرار دیتے ہوئے کہاکہ فرانس سن لے توہین رسالتﷺ اورقرآن پاک کی بے حرمتی ناقابل برداشت ہے ۔ سینیٹ اجلاس میں مذمتی قرارداد متفقہ طور پر منظور کر لی گئی،قرارداد قائد ایوان ڈاکٹر شہزاد وسیم نے پیش کی،قراردادکے متن میں کہاگیاکہ حضرت محمدﷺ کیلئے ہماری محبت ایمان کاحصہ ہے ، کوئی مسلمان نبی کریم ﷺکی شان میں گستاخی برداشت نہیں کرسکتا،ایسے اقدامات کوحکومتی سرپرستی حاصل ہونا افسوسناک ہے ، فرانس کے عمل سے ایک ارب ستر کروڑ مسلمانوں کی دل آزاری ہوئی،ایسے اقدامات مسلمانوں کے جذبات بھڑکانے کا سبب بن سکتے ہیں، دنیا ایسے واقعات کی روک تھام کیلئے مشترکہ لائحہ عمل اپنائے ،چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے قرارداد کی کاپی پاکستان میں فرانسیسی سفیر کے حوالے کرنے کی ہدایت کر دی۔سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ فرانسیسی سفیرکوملک سے نکالناچاہئے ، فرانسیسی مصنوعات کابائیکاٹ کرناچاہئے ،جاوید عباسی ،مشاہد اللہ نے کہا کہ مغرب ہمیشہ کی طرح مسلمانوں کو دہشت گرد ظاہر کرنے پر تلا ہوا ہے ، فیصل جاوید نے کہا کہ فرانس کے معاملے پر ہمیں وزیراعظم کے ساتھ کھڑے ہونا چاہیے ، بیرسٹر سیف نے کہا کہ فرانس خود عالمی قوانین برائے انسانی حقوق کی خلاف ورزی کر رہا ۔وزیر مذہبی امور نورالحق قادری مسلمانوں کے لیے نبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی حرمت جانوں سے بھی بڑھ کر ہے ، اس معاملے پر سفارتی اور سیاسی جواب دینا بھی ضروری ہے ،وزیر مملکت علی محمد خا ن نے کہا کہ فرانس کے لوگوں کی بھی اکثریت صدر میکغوں کی حامی نہیں۔ قومی اسمبلی سے گستاخانہ خاکوں کیخلاف مذمتی قراردادمتفقہ طورپرمنظورکرلی گئی،قومی اسمبلی نے تمام اسلامی ممالک سے فرانسیسی مصنوعات کے بائیکاٹ کامطالبہ کردیا،قراردادمنظورہوتے ہی قومی اسمبلی کاایوان اللہ اکبرکے نعروں سے گونج اٹھا،حکومت اور اپوزیشن کی طرف سے مشترکہ قراردادوزیرخارجہ شاہ محمود نے پیش کی،قرار دادکے متن میں کہاگیاکہ پاکستان کامنتخب ایوان گستاخانہ خاکوں اورحضورنبی کریمﷺ کی شان میں گستاخی ، فرانسیسی صدرکے توہین آمیزالفاظ ،فرانس میں حجاب کی توہین کی بھی مذمت کرتاہے ،یورپ میں اسلاموفوبیاکے رجحان میں اضافہ ہورہاہے ، یورپ میں گستاخانہ خاکوں کی اشاعت اسلاموفوبیاکی واضح مثال ہے ، اوآئی سی15مارچ کواسلاموفوبیاکیخلاف دن قراردے ، ایوان کوفرانسیسی صدراوردیگررہنماؤں کے اشتعال انگیزبیانات پرسخت تشویش ہے ،مذہب کے نام پر دہشتگردانہ اورانتہاپسندانہ اقدامات کی مذمت کی جاتی ہے ،تمام اسلامی ممالک فرانسیسی مصنوعات کا بائیکاٹ کریں ۔ڈپٹی سپیکرقومی اسمبلی نے کہافرانس سے پاکستانی سفیرکوواپس بلایاجائے ۔شاہ محمود قریشی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تمام مسلمانوں کے جذبات مجروح ہوئے ، فرانس میں کئی گئی گستاخی قابل قبول نہیں،خواجہ آصف اور احسن اقبال نے کہا کہ دنیا بھر کے اربوں مسلمانوں کے جذبا ت مجروح ہو ئے ہیں ، راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ حکومت نے گستاخانہ خاکوں کے معاملے پر تاخیر کی ۔ اسد عمر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حضورﷺکی شان میں جوگستاخی کی گئی ہے اس معاملے پرہم سب یکجاہیں،ہم سب کویک زبان ہوکراس معاملے پراحتجاج کرنا چاہیے ، سیاست کے لیے اوربہت سی چیزیں ہیں،خداکیلئے اس معاملے پرسیاست نہ کریں۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے میڈیا سے گفتگو اور اپنے بیان میں کہا کہ گستاخانہ خاکوں سے پوری دنیا میں غم و غصہ پایا جاتا ہے ، او آئی سی کے وزرائے خارجہ کے آئندہ اجلاس میں جامع قرارداد پیش کروں گا جس میں 15 مارچ کا دن اسلاموفوبیا کے خلاف عالمی دن کے طور پر طے کرنے کی تجویز دیں گے اقوام متحدہ کو چاہیے کہ فی الفور اسلام کے خلاف اس نفرت انگیز بیانیہ کا نوٹس لے اور ٹھوس اقدامات اٹھائے ۔ خیبرپختونخوااسمبلی میں منظور قراردادکے متن میں کہاگیاکہ توہین آمیزخاکوں کی اشاعت سے مسلمانوں کی دل آزاری ہوئی، پنجاب اسمبلی میں بھی گستاخانہ خاکوں کے خلاف مذمتی قراردادیں جمع کرا دی گئیں ،قراردادیں پی ٹی آئی اور ن لیگ کے ارکان اسمبلی کی جانب سے جمع کرائی گئیں ، پی ٹی آئی کی مسرت جمشید چیمہ نے اپنی قرارداد میں کہا کہ گستاخانہ خاکوں کی تشہیر میں فرانس کے صدراورحکومت ملوث ہے ،ن لیگی رکن اسمبلی میاں عبدالرؤف ، عنیزہ فاطمہ،محمد ارشد ملک، سنبل مالک حسین کی جانب سے بھی قرارداد جمع کرائی گئی،قراردادوں میں مطالبہ کیا گیاہے کہ حکومت فرانس سے سفارتی تعلقات ختم کرکے اس کی تمام اشیاء پرپابندی لگائی جائے ، اقوام متحدہ بھی فرانسیسی صدرکے اشتعال انگیررویئے کانوٹس لے ۔ سپیکرپنجاب اسمبلی چودھری پرویز الہٰی نے تمام مسلمان ممالک سے فرانس کے بائیکاٹ کی اپیل کردی،چودھری پرویزالہٰی نے فوری طورپر او آئی سی کا اجلاس بلا نے کابھی مطالبہ کردیا،چودھری پرویز الہٰی نے ملاقات کے لئے آنے والے وکلاسے بات چیت میں کہا فرانسیسی صدر مسلمانوں کے جذبات سے نہ کھیلیں، توہین آمیز خاکے عالم اسلام کی تضحیک ہے ۔ سندھ اسمبلی میں قرارداد پی ٹی آئی کے رکن سندھ اسمبلی سعید آفریدی نے جمع کرائی۔