اسلام آباد(سپیشل رپورٹر) گلگت بلتستان کو عبوری صوبہ بنانے کے حوالے سے وزیراعظم عمران خان کی جانب سے قائم کمیٹی کا پہلا اجلاس اسلام آباد میں ہوا۔ اجلاس کی صدارت وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان علی امین خان گنڈاپور نے کی۔اجلاس میں گلگت بلتستان کو عبوری صوبے کی حیثیت دینے کے حوالے سے مختلف ماڈلز پر بھی تفصیلی غور کیا گیا اور اس امر پر اتفاق کیا گیا کہ گلگت بلتستان کو عبوری صوبہ بنانے کے حوالے سے قومی مفادات، عوام کی امنگوں اور سیاسی اتفاق رائے کو یقینی بنایا جائیگا۔ اجلاس میں اس امر پر بھی اتفاق کیا گیا کہ قومی نوعیت کے اس اہم ایشو پر جلد از جلد پیش رفت کو ممکن بنانے کیلئے ضروری اقدامات کیے جائیں گے ۔ اجلاس میں وفاقی وزیر قانون فروغ نسیم، وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید، وفاقی سیکرٹری اُمور کشمیر کے علاوہ وزارت خارجہ، وزارت دفاع اور دیگر متعلقہ اداروں کے حکام نے شرکت کی۔ اس موقع پر وفاقی وزیرعلی امین گنڈاپور نے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام کی امنگوں کے مطابق گلگت بلتستان کو عبوری صوبے کی حیثیت دینے کیلئے اقدامات کو ایک ٹائم لائن کے مطابق جلد پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ عبوری صوبے کے قیام کے حوالے سے گلگت بلتستان اسمبلی کی متفقہ قرار داد گلگت بلتستان کے عوام کی اُمنگوں کی عکاس ہے اور ہماری حکومت اس وعدے کی تکمیل کویقینی بنا رہی ہے ۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام نے جس اعتماد کا اظہار تحریک انصاف کی حکومت پر کیا، وفاقی حکومت اس اعتماد پر پورا اترنے کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے گی۔