اسلام آباد(سپیشل رپورٹر،92نیوزرپورٹ ،مانیٹرنگ ڈیسک) وزیر اعظم عمران خان نے ہدایت کی ہے کہ ملک بھر میں گندم کی ذخیرہ اندوزی میں ملوث افراد کیخلاف فوری کریک ڈاؤن کیا جائے ، ان خیالات کا اظہار انہوں نے عوام کو گندم اور آٹا کی مناسب قیمت پر فراہمی کو یقینی بنانے اور قیمتوں پر قابو رکھنے کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں وفاقی وزرا حماد اظہر، فخر امام، مشیران عبدالحفیظ شیخ، عبدالرزاق داؤد، معاون خصوصی شہباز گل اور سینئر افسر شریک تھے ۔ صوبائی چیف سیکرٹری صاحبان نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی ۔اجلاس میں چینی کی مناسب نرخوں پر دستیابی کی صورتحال کا بھی جائزہ لیاگیا ۔وزیراعظم کو اشیائے خورونوش کی قیمتوں کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔چیف سیکرٹری پنجاب اور خیبر پختونخوا نے گندم کی صورتحال اور گندم اور آٹے کی قیمتوں پر تفصیلی بریفنگ دی ۔چیف سیکرٹری پنجاب نے بتایا کہ صوبے کے تمام شہروں میں بیس کلو آٹے کا تھیلا 860 روپے پر فراہم کیا جا رہا ہے ۔ گندم کی وافر دستیابی یقینی بنانے کیلئے حکومت کی جانب سے اٹھارہ ہزار ٹن گندم روزانہ کی بنیاد پر ریلیز کی جا رہی ہے ۔ پنجاب نے 14 ہزار ٹن گندم خیبرپختونخوا بھی بھیجی ۔خیبر پختونخوا کی ضروریات پورا کرنے کیلئے تقریباً بیس فیصد آٹا خیبر پختونخوا کو بھیجا جا رہاہے ۔ چیف سیکرٹری نے پنجاب میں چینی کی دستیابی اور قیمتوں کے بارے میں بھی تفصیلی بریفنگ دی۔ وزیرِ اعظم نے ہدایت کی کہ گندم کی ذخیرہ اندوزی میں ملوث افراد کیخلاف فوری کریک ڈاؤن کیا جائے ۔ وزیرِ اعظم نے چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا اور بلوچستان کو ہدایت کی کہ گندم سمگلنگ کی روک تھام کو یقینی بنایا جائے ۔وزیرِ اعظم نے ہدایت کی کہ مستقبل میں گندم اور آٹے کی ضروریات پورا کرنے کیلئے گند م کی درآمد کے فیصلے پر عملدرآمد کے حوالے سے منصوبہ بندی کو جلد حتمی شکل دی جائے ۔ ملک بھر میں گندم اور آٹے کی وافر دستیابی یقینی بنانے اور قیمتیں یکساں سطح پر لانے کیلئے جہاں بین الصوبائی کورارڈینیشن کو مزید بہتر کیا جائے وہاں جامع اور منظم انتظامی اقدامات کو یقینی بنایا جائے ۔ وزیرِ اعظم نے صوبائی چیف سیکرٹریز کو ہدایت کی کہ ملاوٹ کیخلاف زیرو ٹالرینس پالیسی جاری رکھی جائے ۔وزیراعظم کو بتایا گیاکہ سندھ میں20کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت کم نہ ہوسکی اور 1070 روپے پر برقرار ہے ۔سندھ حکومت نے اپنے سٹاک سے گندم نکالنا شروع نہیں کی۔سندھ حکومت کو ماہانہ ایک ارب روپے سبسڈی دینے کا بھی کہا گیا۔وزیراعظم نے کہا ایک صوبے کی انتظامی نااہلی کا خمیازہ پورا ملک نہیں بھگت سکتا۔اجلاس میں تجویز دی گئی کہ سندھ حکومت گندم کا ذخیرہ بروقت مارکیٹ میں لائے ۔وزیراعظم نے کہا پچھلی بار بھی گندم کی قلت کے باعث قیمتیں بڑھی تھیں، جو بھی اقدامات کرنا پڑے کریں گے ،گندم کی قیمت بڑھنے نہیں دیں گے ۔ ذرائع کے مطابق گندم کی قیمت سے متعلق آج دن 11 بجے ایک اوراجلاس طلب کرلیاگیا۔ وزیراعظم سے پنجاب کے تین صوبائی وزرامرادراس،سبطین خان اورمحسن لغاری نے ملاقات کی اور وزیراعظم کواپنی وزارتوں کے امورسے آگاہ کیا۔ ترک صدر رجب طیب اردوان کے نام اپنے پیغام میں وزیراعظم عمران خان نے پاکستان کی حکومت اور عوام کی جانب سے ترکی کے جمہوریت اور قومی دن کے موقع پر اظہار یکجہتی کیا۔ وزیراعظم نے کہا پاکستان فتح اﷲ گولن دہشتگرد تنظیم کے حوالے سے ترکی کیساتھ کھڑا ہے ، وزیراعظم نے ترک صدر رجب طیب اردوان اور ترکی کے عوام کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے ترکی کے روشن مستقبل، ترقی اور خوشحالی کیلئے دعا بھی کی۔ اسلام آباد (سپیشل رپورٹر،92 نیوزرپورٹ،صباح نیوز ) حکومت نے کامیاب جوان پروگرام کا دوسرا مرحلہ فوری شروع کرنے کا فیصلہ کرلیا جس کی وزیراعظم نے منظوری دیدی اوراس کیلئے 25 ارب روپے بھی جاری کردئیے ۔ مارک اپ بھی 6 فیصد سے کم کرکے 3 فیصد کر دیا گیا۔سٹیٹ بینک نے تمام کمرشل بینکوں کو مراسلہ جاری کر دیا۔ قرض کی حد 50 لاکھ سے بڑھا کر اڑھائی کروڑ روپے کردی گئی۔ نوجوان کاروبار کیلئے ایک لاکھ سے اڑھائی کروڑ تک کا قرض لے سکیں گے ۔وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے امور نوجوان عثمان ڈار نے کہا جو نوجوان مشکلات کا شکار ہیں وہ اس پروگرام سے بھرپور فائدہ اٹھائیں اور صرف کاروبار کا منصوبہ بنائیں۔ حکومت بغیر گارنٹی کے قرض دے گی۔انہوں نے کہا دوسرے فیز میں نوجوانوں کا دیرینہ مطالبہ بھی پورا کر دیا، بنا گارنٹی قرض کی حد بھی 5 لاکھ سے بڑھا کر 10 لاکھ روپے کر دی گئی۔ملک بھر کے تمام اسلامی بینک بھی پروگرام میں شامل ہوں گے ۔