اسلام آباد،پشاور (این این آئی،آن لائن)الیکشن کمیشن نے حلقہ این اے 205 گھوٹکی کے ضمنی انتخابات کے دوران تقرری و تبادلوں پر پابندی کے باوجود پولیس اہلکاروں کے تبادلوں کا نوٹس لے لیا۔ پیر کو الیکشن کمیشن نے انتخابی امیدوار امداد خان مہر کی شکایت پر نوٹس لیتے ہوئے چیف سیکرٹری سندھ اور آئی جی سندھ سے اہلکاروں کے تبادلے کے حوالے سے رپورٹ طلب کر لی۔ الیکشن کمیشن کے مطابق گھوٹکی کے ضمنی انتخابات کے حوالے سے الیکشن کمیشن کی مانیٹرنگ ٹیمیں بھی کام کر رہی ہیں۔ دریں اثنا الیکشن کمیشن نے ایم کیو ایم پاکستان کے کنوینئر خالد مقبول صدیقی کی جانب پارٹی سے منحرف ہونے والے بلدیاتی نمائندوں کے خلاف دائر درخواستیں خارج کر دی ۔گزشتہ روزچیف الیکشن کمشنر سردار محمد رضا کی سربراہی میں تین رکنی کمیشن نے کیس کی سماعت کی ۔ایم کیو ایم پاکستان کے وکیل اکبر خان اور بلدیاتی نمائندوں کی جانب سے حفیظ الدین الیکشن کمیشن کے سامنے پیش ہوئے ۔الیکشن کمیشن نے ایم کیو ایم پاکستان کی بلدیاتی نمائندوں کے خلاف دائر درخواستوں کو خارج کر دیا۔ایم کیو ایم پاکستان نے 13 سے زائد بلدیاتی نمائندوں کے خلاف پارٹی سے منحرف ہونے کے خلاف درخواستیں دائر کر رکھی تھیں۔دریں اثناالیکشن کمیشن نے قبائلی اضلاع کی 16صوبائی نشستوں پر انتخابات میں ووٹوں کے لئے پوسٹ بیلٹ پیپرز کے لئے درخواستیں طلب کر لی ہیں اور پانچ جولائی تک درخواستیں جمع کرنے کی ہدایات کی ہے ، قبائلی اضلاع سے تعلق رکھنے والے قیدی بھی پانچ جولائی تک پوسٹل بیلٹ پیپرز کے حصول کے لئے درخواستیں دے سکتے ہیں ۔قبائلی اضلاع میں تعینات پولنگ عملہ 12جولائی تک پوسٹل بیلٹ پیپرز کے لئے درخواستیں دے سکے گا ۔ قبائلی ضلاع کے 16صوبائی نشستوں پر انتخابات 20جولائی کو ہو رہے ہیں۔