لاہور ،اسلام آباد، کراچی (صباح نیوز) لاہور اور وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف شہروں میں گیس کی قلت برقرار ہے ، کراچی سے پشاور تک چولہے ٹھنڈے پڑ گئے ،تندوروں پر رش اور عوام خوار ہونے لگے ۔ گیس بندش اور پریشر میں کمی کے باعث شہریوں کو کھانا پکانے اور روز مرہ کے کاموں میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہاہے ،سردی کی شدت میں اضافے نے بھی مشکلات بڑھا دیں ۔ لاہور،راولپنڈی ،اسلام آباد، گوجرانوالہ ، فیصل آباد، گجرات ، ملتان ، کراچی ، سکھر پشاور سمیت ملک کے زیادہ تر شہروں میں گیس بحران شدت اختیار کر گیا، گھنٹوں گیس کی بندش سے لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔لوگوں کو کھانا بنانے بھی دقت کا سامنا ہے ، لوگوں کی اکثریت بازار سے روٹیاں اور کھانا خریدنے کیلئے مجبور ہے جس کی وجہ سے تندوروں پر شدید رش لگا رہا ۔شہریوں نے کہا کہ حکومت کے وعدے کے مطابق گیس فراہم نہیں کی جارہی، مطالبات منظور نہیں ہوئے تو آئندہ احتجاج اسلام آباد میں ہوگا ۔ دوسری جانب کراچی میں گھریلو صارفین کے لئے اگلے ہفتے سے گیس کی فراہمی بہتر ہونے کی امید ہے ۔ایم ڈی سوئی سدرن گیس کمپنی نے کہا کہ صنعتوں کو ہفتہ وار 36 گھنٹے گیس نہ استعمال کرنے کی درخواست کی تاکہ گھریلو صارفین کی گیس کا پریشر بہتر ہو سکے ۔