اسلام آباد(سپیشل رپورٹر) وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے قومی صحت ڈاکٹر ظفر مرزا اور معاون خصوصی برائے سمندر پار پاکستانیزو ترقی انسانی وسائل ذلفی بخاری نے کہا ہے کہ بیرون ملک پاکستانی مزدوروں کو صحت کارڈ دینگے ، وزیراعظم نے تھرپار کر اور قبائلی علاقوں کے اضلاع میں ہرخاندان کیلئے صحت سہولت پروگرام کی فراہمی کو یقینی بنانے کی خصوصی ہدایت کی جس کے تحت قبائلی اضلاع اور تھرپارکر کے تما م خاندانوں صحت کارڈ بلاتفریق فراہم کئے جا رہے ہیں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ میں مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ صحت سہولت پروگرام ملک کے 43 اضلاع میں کام کررہا ہے ، سمندر پار مقیم پاکستانیوں اور انسانی وسائل کی ترقی اور وزارت قومی صحت کے اشتراک سے بیرون ملک کام کرنے والے پاکستانیوں کے اہلخانہ کو علاج معالجے کی بہترین سہولیات کی فراہمی کیلئے ایک خصوصی پروگرام مرتب کیاگیا ہے جس کے تحت ان خاندانوں کو ہیلتھ انشورنس فراہم کی جائے گی، یہ سہولت نئے بیرون ملک جانے والے پاکستانیوں کے لئے ہے ،15 اگست کو بھارت کے یوم آزادی کو یوم سیاہ کے طور پر منانے کیلئے سمندر پار مقیم تمام پاکستانی اپنا بھرپور کردار ادا کریں اور مقبوضہ وادی میں جاری بھارتی مظالم سے عالمی برادری کو آگاہ کریں۔ بیرون ملک پہلی مرتبہ 15اکتوبر سے جا نے والے مزدور پاکستانی بھائیوں کیلئے بھی صحت سہولت پروگرام کا آغازکیا جارہا ہے ۔