اسلام آباد ( نامہ نگار )ہائیر ایجوکیشن کمیشن(ایچ ای سی)نے ڈی جی نیب لاہور شہزاد سلیم کی ڈگری جعلی ہونے کی خبر کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایچ ای سی نے ڈی جی نیب کی ڈگری اصلی ہونے کی تصدیق کی تھی۔ایچ ای سی کی ڈائریکٹر میڈیا نے رابطہ کرنے پر بتایا کہ ہائیر ایجوکیشن کمیشن نے ڈی جی نیب کی ڈگری اصلی ہونے کی تصدیق کی تھی،ادارہ اس پر قائم ہے ۔ ذرائع کے مطابق ہائیر ایجوکیشن کمیشن کی طرف سے جاری ایک دستاویز میں بھی کہا گیا تھا کہ ڈی جی نیب شہزاد سلیم کی ڈگری تصدیق شدہ ہے ۔دستاویز20جون 2018کی ہے ،جس میں شہزاد سلیم کی ایم ایس سی کمپیوٹر سائنس کی ڈگری کو تصدیق شدہ تسلیم کیا گیاہے ۔ شہزاد سلیم کی ڈگری کنٹرولر امتحانات الخیر یونیورسٹی کے تصدیقی خط کی بنیاد پر پشاور سنٹر میں تصدیق کی گئی تھی۔