لاہور(خبرنگارخصوصی) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سابق صدر انجینئر سہیل لاشاری نے کہا ہے کہ گاڑیوں دھونے اورگھروں کی صفائی کے لئے پینے کا پانی استعمال نہ کیا جائے ،بارش کا پانی ذخیرہ کرنے کے لئے زیر زمین ٹینک بنائے جائیں، ان ٹینک میں پانی ذخیرہ کرکے اسے پینے کے علاوہ دیگر مقاصد کے لئے استعمال کیا جائے ،مکانوں کی چھتوں پر بارش کے پانی کے نکاس کے لئے ایسے راستے بنائے جائیں جن سے یہ پانی زیرزمین ٹینک میں پہنچ جائے ،انہوں نے کہاکہ میٹھا پانی صرف پینے کے لئے ہی استعمال کیا جائے ، ذرائع ابلاغ کی رپورٹ کے مطابق ملک میں پانی ذخیرہ کرنے کی انتہائی محدود انتظامات موجود ہیں اور ناقص حکمت عملی کے باعث ہم بار ش کے پانی کا بڑا حصہ سمندر میں پھینک دیتے ہیں ، زرعی ملک ہونے کی وجہ سے پاکستان کو پانی کی اشد ضرورت ہے ، جب تک ڈیم نہیں بنیں گے ہم ترقی نہیں کریں گے ، بارش پانی زخیرہ کرکے زراعت کے لئے بھی استعمال ہوسکتا ہے ، اگر ہر کوئی اپنی سطح پر کوشش کرے تو پانی کا بڑا حصہ ضائع ہونے سے بچایا جاسکتا ہے ۔