اسلام آباد(وقائع نگار)ڈائریکٹر ایف آئی اے کی ہدایت پرایف آئی اے کارپوریٹ کرائم سرکل نے پی آئی اے کے غیر ملکی عہدیداروں کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے ۔ پی آئی اے میں غیر قانونی تقرری پر آسٹریلین اور جرمن عہدیداروں کے خلاف مقدمہ درج کیاگیا۔ ڈپٹی ڈائریکٹر ایف آئی اے عبدالرؤف شیخ کے مطابق ہیلموٹ بیچوفنر کو اختیارات کاغلط استعمال کرکے پی آئی اے میں بطور کنسلٹنٹ سی ای او تعینات کیا گیا تھا۔ ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ پی آئی اے کے سابق ایکٹنگ جرمن نژاد سی ای او برینڈہیڈن برانڈ نے آسٹریلین نژاد ہیلموٹ بیچوفنر کو غیر قانونی طور پر کنسلٹنٹ سی ای اومقرر کیا تھا۔ سابق قائم مقام سی ای او برینڈ ہیڈن برانڈ کے پاس 3 ماہ کا عارضی چارج رہا، ان کی غیر قانونی تقرری سے ادارے کو 52 لاکھ روپے سے زائد کا نقصان ہوا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ سابق قائم مقام سی ای او برینڈہیڈن برانڈ 2017 میں جاتے ہوئے پی آئی اے کا طیارہ ساتھ لے گئے تھے ۔برینڈہیڈن برانڈپر کرپشن کے مختلف الزامات کی وجہ سے نام بھی ای سی ایل میں شامل کیا گیا تھا۔ذرائع کے مطابق برینڈ ہیڈن برانڈ ابتدا میں چھٹی پر اپنے آبائی ملک جرمنی گئے تھے ، جس کے بعدانہیں ان کے عہدے سے برطرف کر دیا گیا تھا۔ ڈپٹی ڈائریکٹر کارپوریٹ کرائم سرکل رؤف شیخ کا کہنا ہے کہ ایف آئی اے کی جانب سے سب انسپکٹر فہیم اللہ اس کیس کی انویسٹی گیشن کر رہے ہیں۔