اسلام آباد(سپیشل رپورٹر) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ پاکستان دیرپا امن واستحکام حاصل کرنے کے قریب ہے ۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے لندن میں انٹرنیشنل انسٹی ٹیوٹ آف سٹریٹیجک سٹڈیز کے ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا۔دورے کے دوران آرمی چیف نے علاقائی سکیورٹی پر پاکستان کے نقطہ نظر سے متعلق سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان امن و استحکام اور پائیدار ترقی کی طرف گامزن ہے ، امن وامان کی یہ صورتحال اب کوئی نہیں چھین سکتا، جنوبی ایشیا میں امن کا دارومدار تنازعات کے حل میں ہے ۔سربراہ پاک فوج نے کہا علاقائی چیلنجز سے نمٹنے کے لئے عالمی تعاون ضروری ہے ، علاقائی روابط کیلئے سرمایہ کاری کلیدی حیثیت رکھتی ہے ، بہترسکیورٹی صورتحال سے غیرملکی سرمایہ کاری بڑھے گی ۔