اسلام آباد،کراچی(نامہ نگار،سٹاف رپورٹر، نیوز ایجنسیاں) احتساب عدالت اسلام آباد نے آصف زرداری اوریوسف رضا گیلانی کی حاضری استثنیٰ درخواستیں منظور کرکے توشہ خانہ ریفرنس کی سماعت اٹھارہ نومبر تک ملتوی کر دی۔ نیب نے آصف زرداری کی بریت کی درخواست کی مخالفت کی، فاروق نائیک کی سماعت کے التوا کی درخواست بھی عدالت نے منظور کر لی۔احتساب عدالت اسلام آباد نے 8 ارب روپے کی مشکوک ٹرانزیکشن کے نیب ریفرنس میں اسلام آباد ہائیکورٹ کے حکم امتناعی کے باعث سابق صدرآصف زرداری پر فردِ جرم عائد نہ کی،مزید سماعت 18 نومبر تک ملتوی کر دی گئی۔ احتساب عدالت کراچی نے پی ایس او میں غیر قانونی بھرتیوں کے ریفرنس کی سماعت 18 نومبر تک ملتوی کردی، جمعرات کو شاہد خاقان عباسی و دیگر ملزمان اور گواہ بھی عدالت میں پیش ہوئے ،شریک ملزم شیخ عمران نے موقف اپنایا کہ نیب آرڈیننس آنے بعد احتساب عدالت میں ریفرنس کی سماعت نہیں ہوسکتی، عدالت نے نیب سے اٹھارہ نومبر کو جواب طلب کرلیا۔ احتساب عدالت اسلام آباد میں پلاٹ غبن کانیب ریفرنس چیلنج ہونے کے باعث ملزمان پر فرد جرم عائد نہ ہو سکی، سابق سیکرٹری داخلہ شاہد خان نے نیب ریفرنس چیلنج کر دیا،احتساب عدالت نے نیب کو نوٹس جاری کر کے سماعت 11نومبر تک ملتوی کر دی۔