اسلام آباد،راولپنڈی (سپیشل رپورٹر، 92 نیوز رپورٹ ) آرمی چیف جنرل قمرجاویدباجوہ نے کہاہے کہ افغانستان میں انسانی المیہ سے بچنے کیلئے مشترکہ عالمی کاوشیں ناگزیرہیں۔آئی ایس پی آرکے مطابق افغانستا ن کیلئے سابق امریکی نمائندہ خصوصی برائے افغانستان زلمے خلیل زاد نے جی ایچ کیومیں آرمی چیف سے ملاقات کی،ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور،افغانستان سمیت علاقائی سلامتی کی صورتحال پر گفتگوکی گئی،مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون پربھی تبادلہ خیال کیاگیا، آرمی چیف نے اسلام آبادسکیورٹی ڈائیلاگ میں شرکت پرزلمے خلیل زادسے اظہارتشکرکیا۔زلمے خلیل زادنے کہا اسلام آباد سکیورٹی ڈائیلاگ میں شرکت کاموقع دینے پرشکرگزارہوں۔آئی ایس پی آرکے مطابق سابق امریکی نمائندہ خصوصی اسلام آبادسکیورٹی ڈائیلاگ میں اہم مقررہونگے ،زلمے خلیل زاد نے علاقائی سلامتی اور خطے میں استحکام کیلئے کاوشوں پر پاکستان کے کر دار کو سراہا،زلمے خلیل زادنے پاکستان کیساتھ سفارتی تعاون میں مزیدوسعت کے عزم کا اظہار کیا۔