نیویارک(این این آئی)اقوام متحدہ کے انسانی بنیادوں پر امداد کے رابطہ دفتر نے افغانستان کے لیے تقریبا ساڑھے چار بلین ڈالر کی ریکارڈ مالی مدد کی اپیل کی ہے ۔ میڈیارپورٹس کے مطابق اس اپیل کی جرمنی، برطانیہ اور قطر کی طرف سے بھرپور حمایت کی جا رہی ہے ۔ یہ عالمی ادارے کے اس دفتر کی طرف سے کسی ایک ملک کی مدد کے لیے آج تک کی جانے والی سب سے بڑی مالی اپیل ہے ۔ اس اپیل کے بعد بین الاقوامی برادری کی طرف سے ہندوکش کی اس ریاست کی مالی مدد کے اعلانات آج جمعرات سے شروع ہو جانے کی امید ہے ۔ اقوام متحدہ کے انسانی بنیادوں پر امداد کے لیے رابطہ دفتر کے سربراہ مارٹن گریفِتھس نے کہا ہے کہ یوکرین کا مسئلہ بھی انتہائی اہم ہے لیکن افغانستان کو بھی فراموش نہیں کیا جانا چاہیے ۔