اسلام آباد (آن لائن) آزاد جموں کشمیر میں 63 ہزار رجسٹرڈ ٹیکس گزاروں کی سہولت اورٹیکس جمع کرنے کے طریقہ کار کو آسان بنانے کیلئے ایف بی آر اور سی بی آر آزاد کشمیر کے مابین نیشنل سیلز ٹیکس ریٹرن پر مفاہمتی معاہدہ ہواہے ۔معاہدہ ٹیکس کلیکٹرز کو بغیر آڈٹ کے ریونیو پوٹینشل اور ٹیکس کی تعمیل کو بہتر بنانے کیلئے مددگار ہو گا۔ تفصیلات کے مطابق فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے سنٹرل بورڈ آف ریونیو اے جے کے کیساتھ آزاد کشمیر کے علاقائی دائرہ اختیار میں نیشنل سیلز ٹیکس ریٹرن کے اطلاق کیلئے مفاہمتی معاہدے پر دستخط کئے ہیں۔ معاہدے پر دستخط ڈاکٹر اشفاق احمد ، ممبر ایف بی آر اورشکیل قادر خان چیئرمین سی بی آر نے ایف بی آر میں منعقد ہ تقریب میں کئے ۔اس موقع پرچیئرمین ایف بی آر نے آزاد کشمیر میں نیشنل سیلز ٹیکس ریٹرن کے کامیاب اجرا پر ایف بی آر کو مبارکباددی۔ معاہدے کی وجہ سے آزادکشمیر کے ٹیکس گزاروں کے سیلز ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کے طریقہ کار میں واضح تبدیلی آئے گی۔ انہوں نے اسکو ٹیکس گزاروں کیلئے آٹومیشن اور سہولت کی جانب انقلابی اقدام قرار دیا ۔