کیف، ماسکو، واشنگٹن، لندن ( نیوز ایجنسیاں ) روسی گیس کے بجائے دیگر ذرائع سے گیس خرید کر جمع کرنے کے لیے یورپین ممالک نے ڈیکلریشن پر دستخط کردیے ۔ اس ڈیکلریشن کے تحت دستخط کنندگان روسی گیس کے بجائے نان یورپین ذرائع سے گیس جمع کرنے کے لیے سہولیات بنا کر اس میں سردیوں سے قبل ہی اکٹھی گیس خرید کر جمع کر لیا کریں گے ۔ روس نے کہا ہے کہ ترک شہر استنبول میں روسی اور یوکرینی وفود کے مابین ممکنہ جنگ بندی کے لیے ہونے والی بات چیت ’تعمیری‘ رہی۔ عالمی ادارہ برائے مہاجرین نے کہا ہے کہ یوکرینی مہاجرین کی تعداد 4 ملین سے تجاوز کر گئی۔اقوام متحدہ کی اسسٹنٹ سیکرٹری جنرل جوئس مسویا نے سلامتی کونسل کو بتایا بعض علاقوں میں جنگ کے نتیجے میں مرنے والوں کی تدفین کا عمل بھی محفوظ نہیں رہا ہے ۔ یوکرین میں روسی فوج نے اپنا ہی طیارہ مار گرایا۔ روس اور یوکرین کے تنازع پر امریکی صدر جوبائیڈن اور یوکرینی صدر زیلینسکی کے درمیان ایک گھنٹہ طویل ٹیلی فونک گفتگو ہوئی ہے ۔بائیڈن نے گفتگو کے دوران یوکرین کو 50 کروڑ ڈالر براہ راست امداد دینے کا اعلان بھی کیا۔ جرمن چانسلر نے بتایا یورپی یونین کے رکن ممالک روس کو اس کی برآمدی گیس کے لیے ادائیگیاں آئندہ بھی یورو میں ہی کر سکیں گے ۔ چین کے وزیر خا رجہ وانگ ای نے کہا ہے کہ یوکرین کا مسئلہ نہ صرف یورپ میں طویل عرصے سے مسلسل بڑھنے والے سیکورٹی تنازعات کے باعث اٹھا ہے بلکہ یہ سرد جنگ کی ذہنیت اور گروہی محاذ آرائی کا نتیجہ بھی ہے ۔چین کے ریاستی کونسلر اور وزیر خارجہ وانگ ای نے روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف کے ساتھ بات چیت کی۔ برطانیہ نے روسی سرکاری ذرائع ابلاغ کے خلاف 14 نئی پابندیوں کا اعلان کردیا۔امریکہ نے روس کی ٹیکنالوجی کمپنیوں پر نئی پابندیاں عائد کردیں۔ روس کی مائیکرو الیکٹرونکس کی سب سے بڑی کمپنی ’’ مائیکرون‘‘ سمیت 21 کمپنیوں اور 13 شخصیات پر پابندیاں عائد کی گئیں۔ روس نے بھی یورپ کی اہم شخصیات پر پابندی عائد کردی۔