اسلام آباد (خبر نگار خصوصی ،92 نیوزرپورٹ، نیوز ایجنسیاں ) صدرمسلم لیگ ن اورقومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے کہاہے کہ دھمکی آمیز خط پر7مارچ کوآیاتو3ہفتے خاموش کیوں رہے ؟ کیا آپ اتنے معصوم ہیں کہ امریکہ کا نام لے دیا،امریکہ ،یورپ کیخلاف بات کرکے روٹی سکیڑناچاہتے ہیں؟کل عمران کوشکست فاش ہوگی،آپ کے سیاسی ڈرامے کاڈراپ سین ہوگا،کبھی دھمکیاں،کبھی احتساب کا واویلا،کس کوبیوقوف بنارہے ہیں؟ ۔ پریس کانفرنس کرتے ہوئے شہبازشریف نے کہا وزیر اعظم نے اپنے خطاب میں زہر اگلا، یہ ڈرامے بازی کس کو دکھا رہے ہیں،جوخط لہرایاگیاوہ آپ کاآخری اوربھونڈاہتھکنڈاہے ، اگر امریکہ سازش کا ذمہ دار ذمہ دار ہے تو اوآئی سی میں کیوں بلایا؟ عمران خان نے پونے 4 سالہ اقتدار نے پاکستان کی معیشت اور بیرونی تعلقات کو نقصان پہنچایا،ووٹنگ والے دن سپریم کورٹ کے فیصلے پر عمل نہ کرنے پر قانونی راستہ اختیار کریں گے ، سکیورٹی کونسل کے اجلاس کا کوئی اعلامیہ جاری نہیں ہوا،سکیورٹی کونسل اجلاس میں سازش کا ایک لفظ بھی نہیں ، اپوزیشن نے مجھے وزارت عظمیٰ کا عہدہ سونپا تو یہ مہربانی ہے ،نواز شریف علاج کے بعد جلد از جلد پاکستان آئیں گے ۔ برجیس طاہر ،سردار محمد عرفان ڈوگر سے گفتگو کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ نالائق کپتان ، ٹولے کا جانا اٹل ہے ۔حکومت کی جانب سے غداری کا مقدمہ بنانے کی خبر پر شہباز شریف نے کہا کہ حکومت کو ابھی بھی مشورہ ہے تاخیری حربے نہ آزمائیں، غداری کا سرٹیفکیٹ دینے والوں کو مشورہ ہے کہ ہوش کے ناخن لیں، جتنے مرضی بلند بانگ نعرے لگالیں، آپ نے اپنے کیسز کا انجام دیکھ لیا ہے ۔ شاہد خاقان نے کہاہے کہ خیبرپختونخوا بلدیاتی انتخابات میں سرکاری وسائل جھونکے گئے اس لئے حکومت وہاں جیتی،جھوٹ بولنے کے لئے بھی عقل کی ضرورت ہوتی ہے جو حکومت کے پاس نہیں ۔ احسن اقبال نے کہا ہے کہ 4 برس میں معیشت کا ستیاناس کر کے ، سی پیک جیسے منصوبے کو تباہ کر کے اگر کوئی کہے کہ میں آزاد خارجہ پالیسی کا معمار ہوں تو اسے کیا کہا جائے ؟۔ مفتاح اسماعیل نے کہا ہے کہ اس حکومت کے باعث بے روز گاری میں کئی گنا اضافہ ہوچکا ہے ۔ مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ غیرملکی سازش کا ڈرامہ عدم اعتماد کے ذریعے دفن ہونے والا ہے ۔ سعد رفیق نے کہا ہے کہ اتوار میں کوئی ریلی کسی جتھہ کی اجازت نہیں ہو گی،شکست خوردہ وزیر اعظم ماحول خراب کرنا چاہتے ہیں ۔ (اسلام آباد خبر نگار خصوصی،مانیٹرنگ ڈیسک ) پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ وزیراعظم نے خود کو بچانے کے لیے قومی سلامتی کا فورم استعمال کیا، تصادم کا خطرہ یا آئینی بحران پیدا نہ کریں، وزیراعظم بیک ڈور ڈھونڈنے کے بجائے عدم اعتماد کا مقابلہ کریں، خط کا شوشہ عوام کو ٹرک کی بتی کے پیچھے لگانے کی کوشش ہے ،پہلے عدم اعتماد کو تحفہ کہاپھر سازش کیسے ؟۔ بلاول نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعظم کی وجہ سے معاشی بحران ہے ،کل وزیراعظم نے بطور قائد اپنی تقریر میں ایک بھی ذمہ داری ادا نہیں کی،ملک کو چلانا کوئی کرکٹ کا کھیل نہیں ،وزیراعظم کے دورہ روس سے پہلے ہم شہباز کے گھر گئے تھے ،عمران کو جھوٹ بولنے کی عادت ہے ، اتنا ہی جھوٹ بولنا چاہیے جو سچ مانا جائے ،فیصلہ عمران نے کرنا ہے کہ عدم اعتماد تحفہ ہے یا عالمی سازش، کیا ہمیں پہلے سے پتاتھا آپ نے روس جاناہے اوریہ عالمی سازش تھی ،سپیکرصاحب!وقت آگیا سب ہوش کے ناخن لیں، عمران کے رونے دھونے کی وجہ سے ملک کوخطرے میں نہیں ڈال سکتے ،غیرجمہوری قوتوں کے خلاف ہماری جنگ جاری رہے گے ،امید کرتے ہیں کل تک کوئی بھی غیرجمہوری اقدام نہیں اٹھایاجائے گا،عوام چاہتے ہیں انتخابی اصلاحات کے بعد فوری انتخابات ہوں،ہمارے دور حکومت میں آصف زرداری پر عرب سپرنگ کا حصہ بننے کیلئے شدید دبائو تھا، ہم نے دبائو کے باوجود شام جنگ کے حق میں ووٹ نہیں ڈالا،اداروں سے کہتا ہوں کہ وقت آگیا ہے سب ہوش کے ناخن لیں۔ سینیٹر شیری رحمان نے کہا ہے کہ ملک کو چلانے کیلئے سنجیدہ لوگوں کی ضرورت ہے ۔ شازیہ مری نے کہا ہے کہ ملک پر مسلط تاریکی دور کا خاتمہ ہونے پر عوام کو مبارکباد پیش کرتے ہیں ۔ جے یو آئی کے جنرل سیکرٹری مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا ہے کہ حکومت مرض الموت میں مبتلا ہے ، کب تک ٹالیں گے ، کے پی کے حکومت کو کہا گیا کہ ہر صورت پی ٹی آئی کو جتوانا ہے ۔ہمارے لوگ الیکشن نتائج کیخلاف عدالتوں میں جائیں گے ۔ پی ڈی ایم کے ترجمان حافظ حمداﷲ نے کہا ہے کہ عدم اعتمادکی ووٹنگ میں فتح اپوزیشن جماعتوں کی ہوگی ۔