اسلام آباد ( ،مانیٹرنگ ڈیسک ،92 نیوز رپورٹ ،نیوز ایجنسیاں ) وزیراعظم عمران خان کے خطاب پر ردعمل دیتے ہوئے اپوزیشن رہنمائوں نے کہا کہ عمران خان نے عدم اعتماد کی کامیابی کا پیشگی اعلان کردیا،شوق سے عوام میں جائیں ۔اپوزیشن لیڈرشہبازشریف نے کہاہے کہ عمران نیازی جھوٹ نہ بولیں ، خط عوام کو دکھائیں ،اقتدار سے چمٹا شخص خوددار نہیں صرف خودغرض ہے ،اقتدارکھونے کے غم میں عمران پارلیمنٹ، آئین اورعدالت پر حملے کررہاہے ، مہنگائی،بیروزگاری،بھوک،نفرت پھیلانے والے شوق سے عوام میں جائیں جبکہ ایک بیان میں شہباز شریف نے کہاہے کہ تحریک عدم اعتماد آج انشاء اﷲ پاکستان کو مایوسیوں اور مسائل کے اندھیروں سے نکالنے میں اہم سنگ میل ثابت ہوگی ۔ مریم نوازنے ٹویٹ میں کہا کہ کوئی اس اقتدار جاتا دیکھ کر پاگل ہو جانے والے شخص کو بتائے کہ اس کو کسی اور نے نہیں اسکی اپنی جماعت نے باہر نکالا ہے ، بھارت اگر اتنا پسند ہے تو وہیں شفٹ ہو جائیے اور پاکستان کی جان چھوڑیئے ،جس بھارت کے قصیدے پڑھ رہے ہیں وہاں مختلف وزرائے اعظم کے خلاف عدم اعتماد کی27تحریکیں آئیں، کسی ایک نے بھی آئین، جمہوریت ، اخلاقیات سے یہ کھلواڑ نہیں کیا، واجپائی ایک ووٹ سے ہارا، گھر چلا گیا،آپ کی طرح ملک، آئین اور قوم کو یرغمال نہیں بنایا،مریم نے ایک ٹویٹ میں کہاہے کہ اقتدار کے لیے اس طرح کسی کو روتے پہلی بار دیکھا ہے ،رو رہا ہے کہ میرے لیے کوئی نہیں نکلا،او بھائی آنکھیں کھول کے دیکھو،غریب عوام کو ان ساڑھے تین سالوں میں جس طرح تم نے رلایا، تل تل کر کے مارا ، وہ شکرانے کے نفل پڑھ رہے ہیں کہ تم جیسے سے جان چھوٹی! جاتے جاتے آئین بھی توڑ دیا۔ ۔ بلاول نے کہاہے کہ وزیراعظم نے کسی پاکستانی کوچین سے نہیں بیٹھنے دیا،انتخابی اصلاحات کے بعدعمران کوالیکشن میں بھی شکست دینگے ،عمران کوعوام میں بھی ہرائیں گے ،عمران سیاسی شہیدنہیں بن سکتا ، جاتے جاتے میموگیٹ ٹوکرناچاہتے ہیں ۔ شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ رونادھونا، گالیاں دھمکیاں اس سے ملک نہیں چل سکتا ۔ نیئر بخاری نے کہا ہے کہ عمران کی تقریر ملک کیلئے جگ ہنسائی کا باعث ہے ۔ شیری رحمان نے کہاہے کہ عمران کا بیانیہ بری طرح پٹ چکا ہے ۔ سعد رفیق نے کہا ہے کہ ہمیں عدالت میں بلائو یاپارلیمانی کمیشن بنوائو، ورنہ یہ کام ہم کرینگے ۔ مریم اورنگزیب نے ٹوئٹر پر اپنے ایک بیان میں تحریک عدم اعتماد کے آئینی و جمہوری عمل کی بحالی پر قوم کو مبارکباد دی ہے ۔ حافظ حمد ا للہ نے کہا ہے کہ تاریخی عدالتی فیصلے نے پاکستان کی عدالتی تاریخ کا نقشہ بدل دیا۔ لاہو ر،راولپنڈی ،اسلام آباد ( سٹاف رپورٹر ،نمائندہ خصوصی سے ،رپورٹر 92نیوز ) سپریم کورٹ کے فیصلے پر اپوزیشن جماعتوں نے یوم تشکر منایا ،نوافل ادا کئے ۔تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ،راولپنڈی ،لاہور ،کراچی ،پشاور ،کوئٹہ اور ملک کے دیگر شہروں میں اپوزیشن جماعتوں نے یوم تشکر منایا ، نوافل ادا کئے ، مساجد میں ملک وقوم کی سلامتی کیلئے خصوصی دعائیں مانگی گئیں ، اپوزیشن جماعتوں کے رہنما اور کارکن نماز جمعہ کے بعد سڑکوں پر نکل آئے ،سپریم کورٹ کے حق ،حکومت کیخلاف نعرے کی ،مٹھائیاں تقسیم کی گئیں ۔لاہور میں پیپلز پارٹی کے کارکنوں نے لاہور میں گلبرگ کے ہوٹل کے باہر مظاہرہ کیا، جس کی قیادت سید حسن مرتضی ٰنے کی۔ کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے حسن مرتضی ٰ نے کہا کہ یہ کسی ایک شخص یا سیاسی جماعت کی فتح نہیں، اب لوگوں کے جمہوری ،معاشی و سیاسی حقوق بحال ہونگے ، اسلم گل نے کہا کہ ہماری جدوجہد آئین کی بحالی کے لیے تھی،مولانا محمد امجد خان نے کہاکہ سپریم کورٹ کے تاریخی فیصلے سے آئین پاکستان ہمیشہ کے لیے محفوظ ہو گیا ۔ پی ڈی ایم کے کارکنان نے راولپنڈی کے تاریخی لیاقت باغ میں اظہار تشکر منایا ۔ ملک ابرار ،ملک شکیل اعوان کہا ہے کہ سپریم کورٹ نے فیصلہ سنا کر عوام کے دل جیت لئے ۔ جمعیت ِ علماء اسلام نے مردان ،ڈی آئی خان سمیت کئی شہروں میں ریلیاں نکالیں ۔