اسلام آباد (92نیوز رپورٹ)وفاقی وزیر مذہبی امور پیرنورالحق قادری کی مسجد اقصیٰ کے امام الشیخ عکرمہ الصبری سے ویڈیو لنک پر بات چیت ہوئی ۔ امام مسجد اقصیٰ نے کہا کہ عمران خان کا مسئلہ فلسطین سے متعلق غیر متزلزل موقف قابل ستائش ہے ،عمران خان کی طرح واضح الفاظ میں کسی نے فلسطین کا ساتھ نہیں دیا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے فلسطین کیلئے او آئی سی اور اقوام متحدہ میں موثر آواز بلند کی۔فلسطین کا بچہ بچہ عمران خان کی حمایت کا قرض دعائوں کی صورت میں ادا کررہا ہے ۔امام الشیخ عکرمہ الصبری نے کہا کہ ہر صبح مسجد اقصیٰ میں عمران خان کو اپنی دعائوں میں یاد کرتا ہوں۔پیر نور الحق قادری نے کہا کہ پاکستان بابائے قوم کے وقت سے فلسطین سے متعلق موقف سے پیچھے نہیں ہٹا،فلسطین کا مسئلہ سیاسی نہیں بلکہ قبلہ اول کی آزا ری اور انسانی المیہ سے متعلق ہے ،کسی صورت اسرائیل کو تسلیم نہیں کرینگے ۔