اسلام آباد(سپیشل رپورٹر، 92 نیوزرپورٹ ) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے جدید ٹیکنالوجی کے دور میں نسلِ نو کی کردار سازی بہت اہم ہے ۔ ملک میں فحش ویب سائٹس بلاک کرنے سے متعلق اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا جدید ٹیکنالوجی کے آلات اور 3G/4G انٹرنیٹ کے پھیلاؤ نے لوگوں کی ہر قسم کے مواد تک رسائی ممکن بنا دی ۔ ہمیں اپنے نوجوانوں بالخصوص بچوں کو آن لائن دستیاب غیراخلاقی مواد سے بچانے کی ضرورت ہے ۔ وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ وہ آن لائن مواد کی موثر گیٹ کیپنگ یقینی بنائیں۔وزیراعظم نے سوشل میڈیاپراپنے بیان میں کہا پی ٹی آئی حکومت آنے کے بعدنامساعدحالات کے باوجودپاکستان میں معیارزندگی بلندہوا،خطے کے دیگرممالک میں صورتحال تیزی سے تنزلی کی طرف گئی،حکومت کی ترجیحات عوام تھے اوراس کے نتائج واضح ہیں،وزیراعظم نے 2018اور2021کاچارٹ بھی سوشل میڈیاپرجاری کردیا۔خیبر پختونخوا کیلئے مربوط زراعت اور ترقیاتی منصوبوں بالخصوص چشمہ رائٹ بینک کینال سے متعلق اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا ہمیں اپنے لوگوں کی سماجی و اقتصادی ترقی کیلئے موجود وسیع قدرتی وسائل کی مکمل صلاحیتوں سے استفادہ کرنے کی ضرورت ہے ۔ وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ وہ علاقے میں کارپوریٹ فارمنگ کو فروغ دینے کیلئے موثر اقدامات کریں۔ خیبر پختونخوا میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے و زیر اعظم نے کہا خیبر پختونخوا میں سیاحت کے فروغ کیلئے جاری ترقیاتی منصوبوں کو جلد مکمل کیاجائے ،خیبرپختونخوا میں زیتون کی کاشت سے کسانوں کی ترقی اور ملک خودنی تیل میں خودکفیل ہوگا۔وزیرِ اعظم کو خیبر پختونخوا میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی، صوبے کی سیاسی صورتحال، آئندہ بلدیاتی انتخابات اور پارٹی امور پر بھی گفتگو کی گئی ۔ وزیرِ اعظم سے وزیرِ داخلہ شیخ رشید نے ملاقات کی۔ ملاقات میں ملک میں امن و امان اور سیاسی صورتحال اور افغانستان کی صورتحال پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ ملاقات میں راولپنڈی میں جاری ترقیاتی منصوبوں، خاص طور پر نالہ لئی منصوبے پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔وزیراعظم نے فلمساز شہزاد نواز، ترک پروڈیوسر ایمرے کونُک، جنید علی شاہ اور ڈاکٹر کاشف سے گفتگو کرتے ہوئے کہا نوجوان نسل کو اسلامی تاریخ کے بارے میں آگاہی فراہم کرنے کیلئے جدید ذرائع ابلاغ کو بروئے کار لانا ہوگا اور روایتی موضوعات سے ہٹ کر تاریخی کہانیوں پر مبنی ڈرامے اور فلمیں بنانا ہونگی۔ وزیرِ اعظم کوپاک ترک مشترکہ منصوبے صلاح الدین سیریز پر تفصیلات سے آگاہ کیا گیا۔ سیریز پر منصوبہ بندی مکمل ہے جبکہ اسکی شوٹنگ کا آغاز آئندہ سال اپریل میں کر دیا جائے گا۔