لاہور(کامرس رپورٹر)آئی ایم ایف پروگرام کا مقصد پاکستان میں میکرو اکنامک استحکام کو فروغ دینا ہے ،پاکستان میں ٹیکس ٹو جی ڈی پی کا تناسب بہت کم ہے ، حالیہ فنانس ایکٹ کے ذریعے سیلز ٹیکس میں چھوٹ ختم کرنے کا مقصد ٹیکس کے نظام میں پیچیدگیوں کو کم کرنا ہے ۔ان خیالات کا اظہار انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) کی ریزیڈنٹ نمائندہ ایستھر پیریز روئیز نے گزشتہ روز لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ایستھر پیریز روئیز نے مزید کہا کہ پاکستان کو نہ صرف ٹیکس سے متعلق اقدامات کرنے چاہئیں بلکہ معیشت کی مسابقت کو بڑھانے کے دیگر طریقوں پر بھی غور کرنا چاہئے ۔لاہور چیمبر کے صدر میاں نعمان کبیر نے کہا کہ موجودہ ٹیکس دہندگان پر بوجھ ڈالنے کی بجائے زیادہ سے زیادہ لوگوں کو ٹیکس نیٹ میں لا کر ٹیکس کی بنیاد کو وسیع کرنے کی ضرورت ہے ۔نائب صدر حارث عتیق نے کہا کہ وہ کاروبار ٹیکس نیٹ میں ہیں۔ ان پرٹیکس کی شرح کم کی جائے ۔اس موقع پر ایگزیکٹو کمیٹی کے اراکین بھی موجود تھے ۔